صدر پاکستان، وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ،وزیر اطلاعات اور اہم شخصیات کا دلیپ کمار کی وفات پراظہار تعزیت

Jul 07, 2021 | 12:47:PM
صدر پاکستان، وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ،وزیر اطلاعات اور اہم شخصیات کا دلیپ کمار کی وفات پراظہار تعزیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)یوسف خان المعروف دلیپ کمار آج صبح انتقال کر گئے ، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ، وزیر اطلاعات فواد چودھری اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نےاظہار تعزیت کیا ، جبکہ دوسری جانب شوبز شخصیات نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

 صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ’دلیپ کمار کو اپنے دنیاوی گھر سے رخصت ہوتا دیکھ کر افسوس ہوا صدرِ مملکت نے کہا کہ وہ ایک عمدہ اداکار، شائستہ انسان اور ایک باوقار شخصیت کے حامل تھے۔صدرِ مملکت نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انکے انتقال پر اہل خانہ اور مداحوں کی بڑی تعداد سے تعزیت، اللہ انکی روح کو سکون بخشے۔‘

وزیراعظم عمران خان نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دلیپ کمار کی سخاوت کو کبھی نہیں بھول سکیں گے۔عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں دلیپ کمار کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت رنج ہوا۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا اور اُنہوں نے اپنی اداکاری کے انمنٹ نقوش چھوڑے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم دلیپ کمار کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اللّہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ دلیپ کمار کا انتقال خیبر پختونخوا سے لیکر ممبئی تک کا بہت بڑا نقصان ہے۔سابق کپتان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بے شک! ہم اللّہ تعالیٰ کی طرف سے آئے ہیں اور ہمیں اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے،اُنہوں نے لکھا کہ ’خیبرپختونخوا سے لیکر ممبئی اور پوری دنیا میں یوسف خان صاحب (دلیپ کمار) کے پرستاروں کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’دلیپ کمار صاحب ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

 وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا نامور اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر کہنا ہے کہ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔فواد چوہدری نے اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا تمام ہونا ہے، بھارتی فلم نگری میں یوسف خان بن کر جانے والے کو دلیپ کمار کی غیر معمولی شہرت نے بام عروج پر پہنچا دیا۔

 دوسری جانب پاکستان کی شوبز شخصیات نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔