پاک ، امریکا تعلقات سے سی پیک متاثر نہیں ہوگا۔ عبد الرزاق داﺅد

Jul 07, 2021 | 18:56:PM
پاک ، امریکا تعلقات سے سی پیک متاثر نہیں ہوگا۔ عبد الرزاق داﺅد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (نیوز ایجنسی )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ پاک ، امریکا تعلقات سے چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ متاثر نہیں ہوگا،امریکہ جانتا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے کتنا اہم ہے اور اہم رہے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں 50 فیصد سرمایہ کاری چین سے آئی ہے اور آزاد تجارتی معاہدے کے بعد چین کے لیے ہماری برآمدات میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے چین ہمارے لیے بہت اہم ہے اور ہمارا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے۔افغانستان سے امریکی انخلا کے پاکستان کے بین الاقوامی فنڈ سے معاہدے پر اثرات سے متعلق عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ میرے خیال میں امریکی انخلا سے ہمارے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ہماری آئی ایم ایف سے الگ بات چیت ہے اور وزیر خزانہ شوکت ترین نے مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاملات کو بہت بہتر طریقے سے سنبھالا ہے۔
انہوںنے پاکستان کی علاقائی تجارت کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت کا حجم بہت کم ہے جو افسوسناک بات ہے۔پاکستان نے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ازبکستان جیسے دیگر علاقائی ممالک سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ازبکستان کے نائب وزیر اعظم نے رواں سال پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان کی باہمی تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق پیشکش میں گہری دلچسپی ظاہر کی تھی۔عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ ان کی دلچسپی یہ ہے کہ پاکستان سے ان کی اشیا ءکو افریقی مارکیٹوں کے لیے راستہ دیا جائے جبکہ ہمیں وسطی ایشیا میں ایسے ملک کی ضرورت ہے جس کے علاقائی روابط ہو اور وہ ازبکستان ہے۔
 دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے بتایا کہ مالی سال 2020-21 میں آسٹریلیا کو پاکستانی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایاکہ سال 2020-21 میں آسٹریلیا کو برآمدات 28 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں۔ مالی سال 2019-20 میں آسٹریلیا کو برآمدات 21 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تھیں۔مشیر تجارت نے کہا کہ برآمدات میں اضافے پر متعلقہ ادارے اور افسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ملکی برآمدات میں اضافہ غیر ملکی مارکیٹ کا پاکستانی مصنوعات پر اعتماد کا مظہر ہے۔
 یہ بھی پڑھیں۔اسٹیٹ بینک کاگھروں کے لئے قرض نہ دینے والوں بینکوں کیخلاف بڑا فیصلہ