(24نیوز)ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری،کہیں بارش تو کہیں موسم ابرآلود ہے ۔محکمہ موسمیات نےلاہور ،کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش کا مزید امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود ہونے کے سبب موسم خوشگوار ہو گیا، آج مزید بارش کا بھی امکان ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران پنجگور 22، تربت 16، بارکھان 12، اورماڑہ 7، قلات، پسنی اور لسبیلہ 4، کوئٹہ 5، ژوب 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ کے بیشتراضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خضدار، قلات ، لسبیلہ، پنجگور، آواران ، تربت، خاران، ژوب ، بارکھان ، کوہلو، نصیر آباد، اورماڑہ، کیچ اورگوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تیل کی قیمتیں کم، جلد مہنگائی پر قابو پا لیں گے: شہباز شریف
شہر قائد میں تین دن سے جاری بارش کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے باسیوں کو خبر دار کردیا ،ترجمان کا کہنا ہے کہ آج بھی مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
کراچی میں آج بھی گزشتہ دنوں کی طرح گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مون سون کا یہ سسٹم9جولائی تک شہر میں موجود رہےگا،11جولائی سے مون سون کے دوسرےاسپیل کی بارش برسنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک میں طوفانی بارشوں سے اموات کی تعداد 80 ہوگئی، بارشوں نے بلوچستان میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے جہاں 16خواتین اور13بچوں سمیت 42 افراد ریلوں اور مکانات گرنے سے ہلاک ہوئے، تیز بارشوں کے سبب کاکڑ خراسان میں ڈیم ٹوٹ گیا، دکی ڈیم میں دراڑ پڑ گئی،کھنی بواٹہ ڈیم اوور فلو کر گیا، آبادی کو بچانےکی کوششیں جاری ہیں۔دوسری جانب ہرنائی میں پہاڑوں سے آنے والا ریلا شہر میں داخل ہوگیا ہے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
کوہلو میں رات گئے موسلادھار بارش سے کچے مکانات گر گئے، ماوند میں سوناری کے مقام پر ریلے میں پل بہہ گیا، کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔غذر میں آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، رحیم یار خان میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ملتان میں چھت اور دیوار گرنے کے دو واقعات میں 3 بچے جاں بحق اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔