کنگنا رناوت کا معروف بھارتی شخصیت پر ہراسگی کا الزام

Jul 07, 2022 | 15:09:PM

(ویب ڈیسک ) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے مشہور بھارتی شاعر اور رائٹر جاوید اختر پر ہراسگی اور خودکشی پر اُکسانے کا الزام عائد کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا  جاوید اختر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے کے سلسلے میں آج عدالت میں پیش ہوئیں اور مؤقف اختیار کیا کہ ریتھک سے معافی مانگنے سے انکار کے بعد جاوید اختر نے مجھے ڈرایا دھمکایا اور توہین کی، جاوید اختر نے معافی سے انکار پر حکومت میں اثر و رسوخ ہونے کا دعویٰ کیا اور مجھے جیل بھیجنے کا بھی کہا۔ 

مقدمے کی سماعت 4 جولائی کو ممبئی کی مقامی عدالت میں ہوئی، مقدمے کی سماعت کے دوران کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ جاوید اختر نے انہیں ریتھک روشن سے معافی نہ مانگنے پر ڈرایا، دھمکایا اور ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاوید اختر نے دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم دھوکے بازوں کی نشاندہی میں بالکل بھی وقت ضائع نہیں کریں گے، عوام جان جائیں گے کہ تمہارا اور ریتھک کا چکر نہیں تھا، اگر ریتھک روشن کے بارے میں بات کی تو تمہیں اتنا بدنام کر دیا جائے گا کہ خودکشی کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا، اگر اپنی عزت بچانی ہے تو ریتھک روشن سے معافی مانگ لو‘۔

کنگنا رناوت نے اہنے بیان میں مزید کہا کہ جاوید اختر چاہتے تھے کہ ان کی دھمکیوں کے دباؤ میں آ کر میں خود کشی کر لوں، انہوں نے مجھے ذہنی تناؤ اور کرب میں مبتلا کیا۔

یاد رہے کہ جاوید اختر نے کنگنا کے بے بنیاد تبصروں کو بنیاد بنا کر ان کے  خلاف 2020 میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

مزیدخبریں