(24نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان حمزہ شہباز کے ساتھ ملکر لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کررہا ہے۔ 26 سال قبل انہوں نے چند افراد کے ساتھ سیاست کا آغاز کیا تھا اور آج تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کا مقابلہ کوئی بھی لوٹا نہیں کرسکتا کیوں کہ لوٹوں میں جنون نہیں ہوتا، ان پر صرف نوٹ خرچ کیا جارہا ہے لیکن ٹیم بن کر نکلو تو کوئی تحریک انصاف کے کارکنوں اور امیدواروں کو نہیں ہرا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے حکومت کو انتخابات کے حوالے سے بڑی پیشکش کردی
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن پوری طرح جانبدار ہے جو حمزہ شہباز کے ساتھ ملکر لوٹوں کو الیکشن جتوانے کی کوشش کررہا ہے لیکن حمزہ شہباز سن لے کہ پاکستان کی عوام فیصلہ کرچکی ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت، امریکی سازش اور پاکستان کے تمام لوٹے نامنظور ہیں۔