(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر سکیننگ کی جدیدمشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے،بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آج کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران جان ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئر مین ایف بی آر، چیئرمین KPT، PQA ، PNSC اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نےکراچی پورٹ ٹرسٹ کو بندرگاہ کی کارکردگی کے خطے کی دوسری بندرگاہوں سے موازنے پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے،حال ہی میں اپنے دورہ قازقستان کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی،پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے،وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کیلئے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بندرگاہوں میں جدید نظام اور ان تک رسائی میں مزید بہتری سے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے،کراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے،پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جدید آلات و مشینری کی تنصیب سے کسٹمز کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر سکیننگ کی جدیدمشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے،بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور اس سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے لیاری ایکپریس وے کو کارگو ٹریفک کیلئے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے،سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے۔
وزیراعظم نے کہاکہ کراچی پورٹ تک اور اس سے ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے،پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کو کم کرکے اسے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ شپنگ لائیز کی ریگولیشن کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر جلد پیش کیا جائے،پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنی لاگت کو کم کرنے اور اپنے آپریشنز کو مؤثر بنانے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں،اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے،پاکستان کی برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے برآمد کندگان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔