ہفتے کی چھٹی سے متعلق وفاقی کابینہ آج اہم فیصلہ کریگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف کابینہ اجلاس کی صدارت کرینگے، اجلاس میں وفاقی کابینہ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا پلان پیش کیا جائے گا، پاور ڈویژن کی جانب سے لوڈشیڈنگ کا پلان پیش ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں مارکیٹیں شام 7 بجے بند اور ہفتے کے دن کی چھٹی کی بحالی کی منظوری متوقع ہے،اجلاس میں الیکشن کمیشن کی رپورٹ، مارکیٹس جلدی بند کرنے سمیت دیگر اہم ملکی و سیاسی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے وفاقی کابینہ 3 جون کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ اس کے علاوہ ملکی سیاسی صورت حال پر گفت گو اور مشاورت ہوگی۔کابینہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی سال 2021 کی رپورٹ پیش کی جائے گی، کابینہ کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش ہوگی۔کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور مشاورت ہوگی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے دن کی چھٹی بحال کرنے کا فیصلہ وزارت توانائی کی تجویز پر کیا جا رہا ہے جس کی بنیادی وجہ توانائی کی بچت کرنا ہے اور اسی تناظر میں چھٹی بحالی کی جا رہی ہے۔چھٹی کی حتمی منظوری کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوگا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد پہلے دن ہی ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات ختم کر کے صرف ایک چھٹی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غریب ملک ہے اور ہفتے میں چھٹیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ امید کی جا رہی تھی کہ رمضان کے فوری بعد دو چھٹیاں بحال ہو جائیں گی لیکن عیدالفطر کی چھٹیوں کے فوری بعد سرکاری اوقات کا نیا شیڈول جاری کیا گیا جس میں ہفتے کی چھٹی برقرار رکھی گئی۔
تاہم حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ موسم میں تبدیلی کے بعد بھی ہفتے کی چھٹی برقرار رہے گی یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم کا پہلا بیان سامنے آ گیا