پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ایک اور افسوسناک حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا،پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی گوادر سے کراچی آنے والی پرواز حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی اور پھٹے ہوئے ٹائرکے ساتھ جناح ٹرمینل پر لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہی۔
تفصیلات کے مطابق رجسٹریشن نمبر AP- BKK کے حامل قومی ائیرلائن کے اے ٹی آر طیارے کے ٹائر کے ٹکڑے مبینہ طور پر گوادر ائیرپورٹ رن وے سے ملے تھے جس پر گوادر ائیر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پرواز نمبر پی کے 504 کے ٹائر پھٹنے کی اطلاع دی گئی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، گوادر سے ٹیک آف کے وقت چیکنگ کے دوران ٹائر میں کوئی مسئلہ نہیں تھا،کپتان نے جناح ٹرمینل پر لینڈنگ بھی معمول کے مطابق ہموار طریقے سے کی۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل خریدنے والوں کیلئےایک اور اہم خبر
کراچی ائیرپورٹ پر پائلٹ نے بائیں طرف کے پھٹے ٹائر کے ساتھ نہ صرف طیارے کو جناح ٹرمینل پر اتارا بلکہ بعدازاں ٹیکسی کرتے ہوئے جہاز کو بے پر بھی لگایا جبکہ طیارے میں 60 افراد سوار تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر لائن انتظامیہ کی جانب سے ٹائر ناکارہ ہونے کے باعث متاثرہ طیارے کی کراچی سے سکھر کیلئے شیڈول پرواز نمبر پی کے536 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔