(ویب ڈیسک)مہنگائی سے پسی عوام کو خوش خبری دیتے ہوئے وزارت ریلوے نے کرائے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل 7 جون کو جاری بیان کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کرائے بڑھانے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے، اس سے قبل مسافر ٹرینوں کیلئے 15 فیصد کرائے بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غریب عوام کی سواری ٹرین کو مہنگائی سے بچائیں گے، ریلوے اپنے وسائل سے پيٹرول کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کرے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزارت ریلویز کی جانب سے حکومت کو مال گاڑیوں کے کرائے کی مد میں بھی 20 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
یہ اطلاعات بھی منظر عام پر آئی تھیں کہ وزارت ریلویز کی جانب سے حکومت سے آئندہ مالی سال کیلئے 138 ارب روپے کا آپریشنل بجٹ طلب کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ رواں سال کے بجٹ سے 40 ارب روپے زائد ہوگا۔
بجٹ تخمینے میں ملازمین سے متعلق اخراجات کیلئے 35 ارب 38 کروڑ 91 لاکھ روپے مانگے گئے تھے، جب کہ آپریشنل اخراجات کیلئے 32 ارب 9 کروڑ 21 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، رحمان پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی