(زین مدنی)متنازع بالی ووڈ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ اور مئی میں ریلیز کی گئی اسلام مخالف فلم ’دی کیرالہ سٹوری‘ کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری نے ایک اور اسلام مخالف فلم بنا ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کی جانب سے ’72 حوریں‘ فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے ، جس کے بعد لوگوں نے اس پر تنقید کرتے ہوئے ریلیز کرنے سے قبل ہی اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا، ،جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں اسامہ بن لادن، حافظ سعید، اجمل قصاب اور دیگر افراد کی تصاویر دکھائی گئی ہیں جب کہ پس پردہ آواز میں بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ تمام افراد نے مذہب کے نام پر دہشت گردی پھیلائی۔
مختصر ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی اسلام مخالف ہوگی اور مسلمانوں کو دہشت گرد کرداروں کے طور پر دکھایا جائے گا۔مختصر ٹیزر کے ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ ’72 حوریں‘ کو آئندہ ماہ 7 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔ٹیزر ریلیز ہوتے ہی ہزاروں افراد نے اس پر تنقید کرتے ہوئے فلم کو اسلام مخالف قرار دیتے ہوئے اس کی ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا۔
’72 حوریں‘ کو سنجے پورن سنگھ چوہان نے بنایا ہے اور اس میں غیر معروف اداکار اہم کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے،مذکورہ فلم سے قبل گزشتہ ماہ ہی ’دی کیرالہ سٹوری‘ کے نام سے اسلام مخالف فلم ریلیز کی گئی تھی، جس میں بے بنیاد دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی ریاست کیرالہ سے 32 ہزار نوجوان ہندو لڑکیوں کو مسلمان کرکے دنیا میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
’دی کیرالہ سٹوری‘ سے قبل گزشتہ برس کے اختتام پر ’دی کشمیر فائلز‘ کے نام سے بھی مسلم مخالف متنازع فلم ریلیز کی گئی تھی، جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی تھی کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان ہندو پنڈتوں کے قتل عام میں ملوث ہیں اور وہ مسلمان مذہب کے نام پر دہشت گردی پھیلاتے ہیں۔