سی ٹی ڈی کا بنوں میں آپریشن، انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک،کراچی سے عزیر بلوچ کا کارندہ گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) بنوں نے آپریشن کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشن بنوں میں کیا گیا، ہلاک دہشتگرد کی شناخت عمر کے نام سے ہوئی جس سے اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوا۔ہلاک دہشتگرد دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگرد کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی حافظ گل بہادر گروپ سے تھا۔
دوسری جانب پاکستان رینجرز سندھ اور سی ٹی ڈی پولیس کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لیاری میں کارروائی کی گئی ۔کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کمانڈر عزیر بلوچ گروپ کا انتہائی مطلوب کارندہ گرفتارکرلیا گیا،گرفتار ملزم کی شناخت امیر جان عرف بنلو کے نام سے ہوئی ہے،گرفتار گینگ وار کارندے کے قبضے سے اسلحہ اور ائمونیشن بھی برآمد ہوا ہے،ملزم نے 2014 میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ملزم ملانثار اور ماب بلوچ کے ساتھ ملکر مخالف گروپوں کے ساتھ فسادات کرنے بھتے کی پرچیاں دینا ، فائرنگ اور منشیات فروشی میں ملوث تھے،دوران تفتیش ملزم کی جانب سے اہم انکشافات کئے گئے ہیں ،ملزم نے اپنے سا تھی راجن عرف راجو کے ساتھ ملکر سیفی لین میں تاجر خان محمد کے گھر پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا،واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو فائرنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے،ملزم کے دیگر ساتھی راجن اور بھائی شہریار کو سی ٹی ڈی نے بھتہ خوری اور فائرنگ کرنے کے جرم میں پہلے گرفتار کرلیا ہے،گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لئے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا۔