(24 نیوز)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ لگتا ہے پارلیمنٹ میں 178 ارکان موجود نہیں تھے ، عوام کیساتھ ڈرامہ کیا گیا، اکیلا گھوڑا ریس میں بھاگا اور کہتا ہے کہ میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور دوا نہیں مل رہیں، کاٹن پروڈکشن آج کم ترین سطح پر ہے، گندم کی پیداوار بھی کم ہو گئی ہے ، پارلیمنٹ میں گالم گلوچ ہوتی ہے ، کل پارلیمنٹ کے باہر جو ہوا وہ جمہوریت کیلئے اچھا نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے قربانی دی، ہم نے میثاق جمہوریت سے بہت کچھ سیکھا۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اہم فیصلے کرینگے۔ ماضی کے الیکشن سے کافی کچھ سیکھا، بلاول بھٹو زرداری جمہوریت طریقے سے حکومت کا مقابلہ کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ساتھ ہیں تو کسی بھی کٹھ پتلی کا مقابلہ کر سکتے ہیں ،ہر سینیٹر سے چیئر مین سینٹ کیلئے ووٹ مانگیں گے۔ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی رہی ہے ،مسلم لیگ ق سے بھی چیئر مین سینٹ کیلئے ووٹ مانگیں گے۔