پارلیمنٹ کا وزیراعظم عمران خان پر اعتمادتازہ ہوا کا جھونکا ہے،شبلی فراز

Mar 07, 2021 | 17:44:PM

(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہتری کا فیصلہ کن دور شروع ہو چکا ، پارلیمنٹ کا وزیراعظم عمران خان پر اعتمادتازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ وزیراعظم عمران نے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرار نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی، عددی اعتبار سے ایوان نے پہلے سے بھی زیادہ وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا۔ دھونس اور دھاندلی کی سیاست کرنیوالوں کے نظریے کو شکست دینگے۔ پیسے کے زور پر سیاست میں آنیوالوں کے باعث ملک معاشی طور پر مفلوج ہوا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیسے کے زور پر آنیوالے کبھی عوامی مفادات کا تحفظ نہیں کرتے، تحریک انصاف سینٹ میں بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ اخلاقیات کی سیاست سے وزیراعظم کی توقیر اور احترام میں اضافہ ہوا ہے۔ نظریاتی سیاست کے باعث چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کی نمائندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو ضائع کرنے کی ترغیب جمہوریت کا فروغ ہے۔ ملک کو دیوالیہ کرنیوالوں کا پیچھا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے سیاست میں شفافیت کیلئے عملی اقدامات کئے۔ معاشی بہتری کا فائدہ غریب عوام کو پہنچائیں گے، عوام کو مہنگائی کے چنگل سے آزا د کرائیں گے۔ غریبوں کو صحت کیساتھ ساتھ چھت بھی فراہم کریں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کمزور اخلاقی بنیادوں پر کھڑی ہے، عوام نے پی ڈی ایم کے نظریے کو شکست دی ہے۔ز وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کی بہتری کا فیصلہ کن دور شروع ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں