سپیکر قومی اسمبلی کا لیگی رہنماؤں کےساتھ بدسلوکی کی تحقیقات کرانے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان کی ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کے سپیکر اسد قیصر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بدسلوکی کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔
سپیکرقومی اسمبلی نے گزشتہ روز پارلیمان کے سامنے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ سیاست میں شائستگی، تحمل، برداشت اور رواداری کا کلچر اپنانا ہوگا، ارکان پارلیمنٹ منتخب عوامی نمائندے ہیں، ان کی عزت سب پرلازم ہے، ہمیں سیاست میں برداشت، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے سیاسی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور دیگر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گھس گئی۔
پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے رہنماو¿ں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور اس دوران مریم اورنگزیب کو دھکے دیے گئے جس پر لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کارکنان نے دست و گریباں ہوگئے جبکہ چند پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔