زرداری،فضل اور شہباز کی بڑی بیٹھک۔۔تحریک عدم اعتماد پر اتفاق

Mar 07, 2022 | 18:13:PM

(24 نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری کی رہائشگاہ پر اپوزیشن رہنماﺅں کی بڑی بیٹھک ہوئی جس میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے اتفاق کیا  گیا قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے ریکو زیشن جمع کرائی جائے تاکہ تحریک عدم اعتماد پیش کی جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی،اجلاس میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر غورو خوص کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اپوزیشن کی بڑی بیٹھک میں سابق صدر آصف علی زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماو¿ں نے شرکت کی۔منعقدہ اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سردار ایاز صادق، سید خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اور مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق منعقدہ اجلاس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے قانونی ماہرین نے بطور خاص شرکت کی،اپوزیشن قائدین کو ن لیگ کی جانب سے اشتر اوصاف اور زاہد حامد جبکہ پیپلزپاٹی کی طرف سے فاروق ایچ نائیک اوربیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بریفنگ دی۔منعقدہ اجلاس میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے کامران مرتضیٰ نے بھی قانونی و آئینی مشاورت فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے بڑوں کی بیٹھک میں حکومت کے اتحادیوں اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین سے ہونے والے رابطوں کی تفصیلات پر مبنی بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر اپوزیشن کے بعض رہنماو¿ں کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کے موقع پر دلہا نے دلہن کی پٹائی کردی؛ وجہ کیا بنی؟

مزیدخبریں