اپوزیشن نے ایک بھی غلطی کی تو جھاڑو پھر جائےگی۔شیخ رشید 

Mar 07, 2022 | 21:42:PM

  (24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دنیا پر عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، اپوزیشن انتشار پھیلا رہی ہے،انشااللہ عدم اعتماد ناکام ہوگی اور عمران خان کی تحریک اطمینان کی ہوگی، انہوں نے اپوزیشن کو خبر دار کیا کہ اگر اپوزیشن نے ایک بھی غلطی کی تو جھاڑو پھر جائےگی، آپ کی سیاست اس شاہراہ دستور پر دفن ہوجائے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا اپوزیشن کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کےلئے ان کے ووٹ پورے ہوگئے ہیں، فتح اور شکست کا فیصلہ آسمانوں پر ہے، آپ اس ملک کو کیسے چلائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور آپ ملک میں انتشار اور خلفشار پھیلا رہے ہیں، کیونکہ آپ کو عمران خان اچھا نہیں لگتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ دوبارہ الیکشن جیتنے کے بعد وہ تمام لوگ جو کسی نہ کسی وجہ سے جیلوں سے بچ گئے ہیں وہ پھر جیلوں میں ہوں گے اور اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں ہے کہ وہ حالات کو سمجھیں۔انہوںنے کہاکہ انشااللہ عمران خان ان حالات سے نکلیں گے کیونکہ پہلی بار اس ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی گئی ہے، اس شخص نے ہیلتھ کارڈ دیا، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، اب کوئی سرکاری ہسپتالوں میں علاج نہیں کروا رہا سب فائیو اسٹار ہسپتالوں میں علاج کروا رہے ہیں۔اپوزیشن کے لانگ مارچ کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ لوگ 23 مارچ کو کوئی لانگ مارچ نہیں کریں گے اور جہاں تک رہی اجلاس کی بات تو درخواست دینے کے 15 ایام بعد اجلاس طلب کیا جاتا ہے، اپوزیشن اپنے ووٹ پورے کرے۔انہوں نے کہا کہ 172 ووٹ انہوں نے جمع کرنے ہیں، اب آپ کہہ رہے ہیں کہ امپائر غیر جانبدار ہیں، شکر ہے اللہ کا کہ آپ کو ساڑھے 3 سال بعد یہ خیال آیا کہ امپائر غیر جانبدار ہے، جب آپ ہاریں گے تو آپ کہیں گے کہ تھرڈ امپائر نے ہرادیا ہے۔
وزیر داخلہ نے آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔علیم خان اور جہانگیر ترین سے رابطے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ سیاست کھلے دروازوں کا نام ہے، سب سے بات چیت کرنی چاہئے اور اپوزیشن کے چہروں سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ ہاریں گے، رمضان میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں نعرے لگےں اور ہر صوبے میں ووٹوں کی تعداد میں اضافہ ہو، عمران خان چاروں صوبوں سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی جیتیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے طالبان درست کہہ رہے ہیں کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔عورت مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خواتین بھلے احتجاج کریں لیکن وقت اور جگہ کے تعین کےلئے ڈی سیز سے رابطہ کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عورت مارچ ہو، حجاب مارچ ہو یا علما مارچ ہو کسی پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا پولیس نے ایک بہت بڑے نیٹ ورک کو گرفتار بھی کیا ہے۔
 پشاور حملے کی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سفاک حملے میں 6 ملزم ملوث تھے اور ہم ملزموں تک پہنچ چکے ہیں، ان کا نیٹ ورک اور سلیپنگ سیل ہمارے ریڈار میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سب جانتے ہیں کہ پٹرول کی قیمت 130 ڈالر فی بیرل سے زائد ہوچکی ہے، 50 فیصد گندم یوکرین اور روس دنیا کو فراہم کرتے ہیں، پیٹرول کی قیمت امریکا میں 4 ڈالر سے زائد ہے، اس کے باوجود عمران خان نے اس ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کی سامراجی قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ ہماری سرزمین اب کسی ڈرون حملے کے لئے استعمال نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ 22 سے 24 مارچ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کے سبب اسلام آباد میں تعطیل ہوگی، اجلاس میں بڑی تعداد میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، 23 مارچ کو پاکستان میں جے 10 سی کی اہم پریڈ بھی ہورہی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک قدرتی آفات سے تباہ نہیں ہوتے انتشار سے تباہ ہوتے ہیں، ایسے حالات میں عمران خان نے 10 روپے پٹرول اور 5 روپے بجلی میں چھوٹ دی یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، دنیا میں گیس اور پٹرول کا بحران کھڑا ہوگیا ہے۔اانہوںنے کہاکہ عمران خان کو جب کسی طرح نقصان نہیں پہنچایا جاسکا تو اب ملک میں سکیورٹی خدشات پیدا ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے سبب نے اپنا راستہ بدلا ہے، یہ خوش آئند ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو پوری سکیورٹی دی جارہی ہے۔
 یہ بھی پڑھیں۔ عمران خان کے ساتھ جو بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے۔مریم نواز

مزیدخبریں