(24 نیوز) ملک بھر انسداد منشیات فورس کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں جن میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد موٹروے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک گاڑی سے 18 کلوگرام چرس برآمد کرکے خیبر کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اور پشاور سے پنجاب میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
اسی طرح ایک دوسری کارروائی میں جی ٹی روڈ پشاور کے قریب سے خیبر کے رہائشی ملزم سے 2 سو نشہ آور گولیاں اور 1 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: جہلم، دو افراد کی سولہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی
اس کے علاوہ اے این ایف اور رینجرز نے کراچی سپر ہائی وے پر مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی کے ہی رہائشی 2 ملزمان سے 12 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔
اسی طرح لاہور کے بند روڈ بس سٹاپ سے بک کروائے ایک پارسل سے بیڈ شیٹس میں جذب شدہ آئس برآمد کرلی گئی، ان بیڈ شیٹس کا مجموعی وزن 2 کلوگرام بتایا گیا ہے۔ اس کارروائی میں اے این ایف کو مطلوب اشتہاری شیخوپورہ کے رہائشی مُلزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار مُلزم کافی عرصے سے مُختلف لوگوں کے ذریعے پارسل بُک کروا کر بیرون مُلک منشیات بھیج رہا تھا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔