توشہ خانہ کیس ، عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے

Mar 07, 2023 | 18:17:PM

(24 نیوز ) چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے گئے ہیں ۔

تفصیالات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 13 مارچ کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے ،  عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 13 مارچ کو پیش نہ ہوں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، آئندہ تاریخ کو عمران خان کی عدم پیشی پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔ 

واضح رہے کہ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ اب سنا دیا گیا ہے ،  اس سے قبل توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنےکے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی ۔ 

سماعت کے دوران  چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے عمران خان کے وکیل سےکہا کہ یہ وارنٹ ملزم کو کسی جیل میں ڈالنےکے لیے تو نہیں ہوتے، آپ بتادیں کہ عدالت ملزم کو اور کس طرح سے بلائے؟ قانون میں تو ملزم کی حاضری یقینی بنانےکے لیے ایک یہی طریقہ ہے، قانون کو اپنا راستہ خود بنانے دینا چاہیے۔

 وکیل عمران خان نےکہا کہ ہماری استدعا ہےکہ عمران خان کے وارنٹ منسوخ کردیے جائیں۔

 چیف جسٹس عامر فاروق نےکہا کہ وارنٹ منسوخ ہونے سےکیا ہوگا؟ عدالت تو آپ کو کیس کا ٹرائل چلانےکے لیے بلارہی ہے، کوئی ایسا آرڈر پاس نہیں کروں گا جو عام پریکٹس سے باہر ہو، فرد جرم کے لیے عمران خان کو ذاتی طور پر پیش تو ہونا پڑےگا، 9 تاریخ کو عمران خان نے یہاں پیش ہونا ہے، وہاں بھی ہوجائیں۔وکیل نےکہا کہ عمران خان کو سنگین سکیورٹی تھریٹس ہیں۔

 چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نےکہا کہ میرٹ پر آپ کو اس درخواست میں کچھ نہیں ملنا، مجھے تاریخ بتادیں کہ عمران خان کس تاریخ کو پیش ہوں گے، ہمیں روزانہ سکیورٹی تھریٹس کے لیٹر آرہے ہیں تو کیاکام بندکردیں؟ مجھے آئی جی نے آکر کہا کہ تمام ججز کو سکیورٹی تھریٹس ہیں، میں پبلک کو رسک میں ڈال کر خود سکیورٹی کیسے لے لوں؟ آپ تھریٹس خود بھی اپنے لیے بناتے ہیں،گزشتہ ہفتے جو ہائی کورٹ میں ہوا اس کو بھی دیکھنا چاہیے، ایک ہجوم تھا کیا معلوم تھا کہ کون کس نیت سے آیا ہے، جب آپ 2 ہزار لوگوں کے ساتھ آئیں گے تو بات خرابی کی طرف جائےگی، بینظیربھٹو کے واقعے کو یاد کریں کہ وہاں کیا ہوا تھا۔

 عدالت کا کہنا تھا کہ کیا آپ بیان حلفی دیتے ہیں کہ آپ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں؟ ٹرائل کورٹ کے مطابق عمران خان آج بھی طلبی کےباوجود پیش نہیں ہوئے، سسٹم کے ساتھ فیئر رہیں،سسٹم کا مذاق نہ بنائیں، یا تو میں آپ کو 2 ماہ کی تاریخ دےکر ٹرائل روک دیتا ہوں؟

مزیدخبریں