امریکا نے روش نہ بدلی تو تصادم ہوسکتا ہے، چینی وزیر خارجہ نے وارننگ جاری کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )چینی وزیر خارجہ چن کینگ نے کہا ہے کہ امریکا اور چین تنازعہ کی طرف بڑھ رہے ہیں ,اگر امریکا نے روش نہ بدلی تو تصادم ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کےمطابق چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ صحت مندانہ مقابلے کے بجائے چین کیخلاف کینہ اور بغض سے بھری مہم چلارہا ہے، واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کا باعث امریکا ہے اور اگر اس نے اپنی روش نہ بدلی تو اس مہم کا اختتام تصادم پر ہوسکتا ہے۔
چن کینگ کا کہنا تھا کہ امریکا کہ جانب سے تنازعہ کو بڑھاوا دینے کی مذموم کوششوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے، چینی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ چین کے متعلق امریکا کے خیالات مسخ شدہ ہیں اور وہ چین کو ایک بڑا حریف اور چیلنج سمجھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکا ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کرتا ہے لیکن خود قانون پر عمل نہیں کرتا، اس کو درست عمل نہیں کہا جاسکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی جاری ہے ، گزشتہ ماہ امریکا نے چین پر الزام لگایا تھا کہ چین خود کار طریقے سے ہوا میں اُڑنے والے غباروں کے ذریعے امریکا کی جاسوسی کر رہا ہے اور اس کے بعد ان غباروں کو مار گرایا تھا ۔
دوسری جانب چین نے امریکا کے تمام الزامات کی نفی کی تھی اور امریکا پر الزام عائد کیا تھا کہ امریکا جھوٹے پروپیگنڈےسے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے ، جبکہ گزشتہ روز چین نے 2023 کا ورکنگ پلان بھی جاری کیا ہے جس میں فوجی بجٹ اور مشقوں میں اضافے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔