(24 نیوز) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے صاحبزادوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصرجاوید رانا نے میاں نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی، حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن، رانا عرفان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے،نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر، پراسیکیوٹر سہیل عارف بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت قاضی مصباح الحق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریفرنس میں ہائیکورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں، 12 مارچ کو حسن اور حسین نواز پاکستان آ کر عدالت پیش ہو جائیں گے،اس کے ساتھ ہی وکیلِ صفائی قاضی مصباح نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کر دی۔
نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کہا کہ دو وارنٹ گرفتاری پہلے سے معطل کر دیئے گئے ہیں، ملزمان خود آ کر عدالت سرنڈر کر سکتے ہیں، خود عدالت پیش ہوں، ملزمان کو عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔
بعدازاں احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
خیال رہے کہ نوازشریف کے صاحبزادوں نے وارنٹ معطلی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا، حسین اور حسن نواز نے نیب ریفرنسز ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں،احتساب عدالت نے 7 سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔