(ملک اشرف) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مخصوص نشستیں نہ ملنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نہ تو ٹربیونل ہے اور نہ ہی عدالت ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں سیٹوں کے تناسب سے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں، سنی اتحاد کونسل نے الیکشن لڑا یا نہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
یہ بھی پڑھیے: غیرقانونی اسلحہ کیس، علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار
صاحبزادہ حامد رضا کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عمل آئین میں ترمیم کے مترادف ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ اپنے اختیارات سے تجاوز ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست چار ایک سے مسترد کر دی تھی۔
سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد ہونے کے باعث پارٹی 77 مخصوص نشستوں سے محروم ہوگئی تھی اور یہ نشستیں ملسم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور جے یو آئی کو مل گئی ہیں۔