(24 نیوز) آپ گوگل میپ پر جائیں اور صرف لفظ ’ٹلے‘ لکھیں تو آپ کو میپ پر کئی پن لوکیشنز نظر آنے لگیں گی اور ساتھ ہی ایک جملہ لکھا ہوا ملے گا ’ٹلے ہوتے ہیں یہاں بھائی‘۔
گوگل میپ پر شہریوں کی رہنمائی کی ہے کراچی کے ایک نامعلوم شہری نے۔ مجموعی طور پر سات مقامات کی پن لوکیشن ایک مخصوص جملے کے ساتھ ڈالی گئی ہیں۔
اس کی حقیقت جاننے کی کوشش کی گئی تو انکشاف ہوا کہ شہری کی معلومات سو فیصد درست ہیں۔
شہری نے جن سات مقامات کی نشاندہی کی ہے ان میں چار مقامات شارع فیصل پر ہیں جس میں میٹروپول، ریجنٹ پلازہ، نرسری اور ڈرگ روڈ شامل ہیں جبکہ راشد منہاس روڈ پر ڈالمیا کا مقام اور یونیورسٹی روڈ پر سوک سینٹر اور سفاری پارک کے سامنے ٹریفک پولیس کا ناکے لگا کر شہریوں کو پریشان کرنا معمول ہے۔
گوگل میپ پر جہاں شہری کے اس اقدام پر اسے سراہا جارہا ہے وہیں ایک اور شہری نے اس پر دلچسپ ویڈیو بنادی ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراہوں پر ناکے لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے نام پر شہریوں کے چالان کرنا اور ان سے رشوت بٹورنا اس قدر عام ہوچکا ہے کہ شہری اب اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کی مدد پر اتر آئے ہیں حکام کو اس کی سنگینی کا احساس کرنا ہوگا۔
گوگل میپ پر مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کے ناکوں کی پن لوکیشن ڈال کر لکھ دیا ’ٹلے ہوتے ہیں یہاں بھائی‘۔ ایک اور شہری نے پن لوکیشن پر مزیدار ویڈیو بنا ڈالی، پن لوکیشن ڈالنے والے شہری کو ولی کامل قرار دے دیا، کہا یہ صرف پن لوکیشن نہیں 200 سے 800 روپے رشوت کا گیٹ ہے۔