تحقیقاتی کمیشن کی نہیں9 مئی کی بغاوت اور خانہ جنگی کے مجرموں کو سزا کی ضرورت ہے: عطاتارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) ڈپٹی سیکرٹری مسلم لیگ ن عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا منصوبہ ساز بغاوت کی سازش کو تحقیقاتی کمیشن کے پیچھے نہیں چھپا سکتا، تحقیقاتی کمیشن کی نہیں9 مئی کی بغاوت اور خانہ جنگی کے مجرموں کو سزا کی ضرورت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ سانحہ 9 کا منصوبہ ساز بغاوت کی سازش کو تحقیقاتی کمیشن کے پیچھے نہیں چھپا سکتا، پی ٹی آئی کے لیڈروں اور شرپسندوں نے خود وڈیوز پوسٹ کیں، تحقیقات کس چیز کی باقی ہے؟ 9 مئی کی بغاوت کو عوام کا ردعمل کہتے تھے، بار بار بیان بدلنے سے حقیقت نہیں بدلے گی، 9 مئی کو کیا ہوا، ہر کیمرے، ہر آنکھ اور قوم کے ذہن میں محفوظ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی اتوار کو احتجاج کی کال،اہم بیان بھی جاری کردیا
انہوں نے مزید کہا کہ آگ کے شعلوں سے تباہ ہونے والا جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان کی عمارت آپ کے جرائم کی عینی گواہ ہیں، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کے تمام مناظر کیمروں میں محفوظ ہیں جنہیں آپ اپنا کارکن مانتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقاتی کمیشن 2014 اور 2016 کے جمہوریت دشمن دھرنوں، معاشی ڈیفالٹ سازش، پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس، پی ٹی وی پر حملوں، پولیس کے سرپھاڑنے، شرپسندوں کے ہیڈکوارٹر زمان پارک سے پولیس پر حملوں، پٹرول بموں، بندوقوں، بندوں سے صوبے سے وفاق پر حملے، قومی اسمبلی تحلیل کرکے آئین شکنی، سول نافرمانی، بجلی بل جلانے، ہنڈی سے پیسے منگوانے کی سازشوں، بھارت اور اسرائیل سے غیرقانونی فارن فنڈنگ لینے کی تحقیقات کرے ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ریاست پر حملے کرنے والا جتھہ، سیاسی جماعت کہلاسکتا ہے اور نہ ہی سیاسی کارکن، کمیشن مانگنے والوں نے 35 پنکچر کا جھوٹ بولا تھا، ہر کمیشن کے بعد بھی جھوٹ پر برقرار رہنا 9 مئی کے مجرموں کا پرانا وطیرہ ہے، تحقیقاتی کمیشن کی نہیں9 مئی کی بغاوت اور خانہ جنگی کے مجرموں کو سزا کی ضرورت ہے۔