سینیٹ انتخابات میں تاخیر ،سیکرٹریٹ کی چیئرمین سینیٹ کا منصب سپیکر پیٹرن پر کرنے کی سفارش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سینیٹ انتخابات میں تاخیر سے نیا آئینی بحران جنم لینے لگا،سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین سینیٹ کا منصب سپیکر پیٹرن پر کرنے کی سفارش کردی ۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے کہاہے کہ چیئرمین سینیٹ کو سپیکر پیٹرن پر کرنے کیلئے سینیٹ رولز میں ترمیم کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین 11مارچ کو ریٹائر ہوجائیں گے ،سینیٹ انتخابات 3 اپریل کو متوقع ہیں،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ریٹائرمنٹ سے سینیٹ غیر فعال ہوجائےگا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے رولز میں ترمیم کرکے چیئرمین سینیٹ کو اگلے چیئرمین کے انتخاب تک توسیع کی تجویزدیدی، اس حوالے سے سینیٹ میں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس ہوا،اجلاس میں سینیٹ کو غیر فعال ہونے سے بچانے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
سیکرٹریٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ گیارہ مارچ کو ریٹائر ہوجائیں گے،پارلیمانی لیڈرز کا کہناتھا کہ سینیٹ الیکشن تین اپریل کو متوقع ہیں جبکہ ضمنی الیکشن 14 مارچ کو ہوں گے،تین اپریل سے قبل سینیٹ کا اجلاس منعقد نہیں ہو سکے گا،14مارچ کو منتخب سینیٹرز کا حلف بھی ایک ماہ تاخیر سے ہوگا۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی ریٹائر منٹ سے سیکرٹریٹ کی ورکنگ عملی طورمنجمد ہوجائےگی،نئے اراکین کی حلف برداری سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب تک تمام فرائض چیئرمین سینیٹ کو اداکرنے ہیں۔
سینیٹ کی اکثریتی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کو سپیکر پیٹرن پر کرنے کی تجویز کی حمایت کردی، اراکین نے رائے دی کہ چیئرمین صادق سنجرانی کو نئے چیئرمین کے آنے تک توسیع دینی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’’پہلا روزہ 11 مارچ کو ہوگا‘‘