کیا بغیر وضو لیپ ٹاپ یا موبائل اسکرین پر قرآن مجید کی تلاوت کی جاسکتی ہے؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)کہا جاتا ہے کہ وضو یا طہارت کے بغیر موبائل یا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی اسکرین پر قرآن کی تلاوت کی جا سکتی ہے، اسی طرح خواتین اپنے مخصوص ایام میں بھی چھوئے بغیر تلاوت کر سکتی ہیں، کیا یہ درست ہے؟کیا کوئی شخص وضو اور طہارت کے بغیر اسکرین پر سورۂ یٰس پڑھ سکتا ہے اور سکرین کو چھو بھی سکتا ہے؟
کسی مسلمان کا قرآن کی تلاوت کا شوق رکھنا ،یہ بجائے خود ایک سعادت اور نیکی ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ترجمہ:’’ مومن کی نیت اُس کے عمل سے بہتر ہے اور منافق کا عمل اس کی نیت سے بہتر ہے اور ہر شخص اپنی نیت کے مطابق عمل کرتا ہے، پس جب مومن (اپنی نیتِ صالح کے مطابق) عمل کرے تو اُس کے قلب میں ایک نور پیدا ہوتا ہے۔
نیت کے عمل سے بہتر ہونے سے مراد یہ ہے کہ مومن جب نیک کام کی نیت کرتا ہے تو اُس کی نیت صادق اورصالح ہوتی ہے ،جبکہ عمل میں کبھی کوتاہی بھی ہو جاتی ہے یا کوئی خامی بھی رہ جاتی ہے اور منافق کا عمل نیت سے بہتر ہونے سے مراد یہ ہے کہ اس کی نیت تواپنی اصل کے اعتبار سے فاسد ہوتی ہے ،لیکن دکھاوے کے لیے بعض اوقات بظاہر عمل درست ہوتا ہے۔
قرآنِ مجید (یعنی مُصحَفِ مقدّس ) کو وضو اور طہارت کے بغیر چھونا منع ہے،البتہ بے وضوزبانی تلاوت کرنا اگرچہ خلافِ مستحب اور خلافِ اَولیٰ ہے لیکن جائز ہے۔ موبائل یا لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کی اسکرین پر چونکہ قرآنی کلماتِ مبارکہ کے نقوش ثبت نہیں ہوتے، یہ محض سوفٹ ویئر ہوتا ہے۔
لہٰذا سوفٹ ویئر پر قرآنِ کریم کی تلاوت کرسکتے ہیں ۔اگر سوفٹ ویئر پر تلاوت کرتے ہوئے ورق پلٹنا پڑے توسافٹ ویئر کے جس حصے میں آیات نظر آرہی ہیں، اُس حصے کو نہ چھوئے، اطراف سے چھوکر ورق پلٹے ۔
افضل تو یہ ہے کہ باوضو اور باطہارت تلاوت کی جائےلیکن بے وضو زبانی یا اسکرین پرتلاوت کرنا خلافِ مستحب اور خلافِ اَولیٰ ہے ،مگر جائز ہے، بعض اوقات انسان سفر کے دوران فلائٹ میں ہوتا ہے اور کئی حضرات اسکرین پر تلاوت کر رہے ہوتے ہیں، ممکن ہے وہ باوضو نہ ہوں، بہرحال یہ جائز ہے لیکن افضل یہ ہے کہ حتی الامکان باوضو تلاوت کی جائے۔
خواتین کے لیے ایامِ مخصوص میں قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا اور قرآن ِ کریم کو چھونا بھی منع ہے، البتہ اگر کسی بلند جگہ سے اٹھاکر پڑھنے کے لیے بچے کو دینا ہے ، تو کسی پاک کپڑے میں پکڑ کر دے سکتی ہیں۔