(24 نیوز)دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون کی کمپنی ایپل نے فولڈ ایبل فون پر کام شروع کر دیا ہے جس کو 2026 کے اختتام اور 2027 کے شروع میں متعارف کروایا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے ایپل کے تجزیہ کار منگ چی کیو کے مطابق پہلا فولڈ ایبل آئی فون بک اسٹائل کا ہوگا یعنی آپ ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھول یا بند کرسکیں گے۔
فولڈ ایبل آئی فون بند ہونے پر 5.5 انچ ڈسپلے سے لیس ہوگا جبکہ اسے کھولا جائے گا تو اس کی اسکرین 7.8 انچ کی ہو جائے گی۔ منگ چی کیو کے مطابق اس آئی فون کی قیمت 2 سے ڈھائی ہزار ڈالرز کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔
اتنی زیادہ قیمت کے باوجود تجزیہ کار کے خیال میں ایپل کا یہ مہنگا ترین آئی فون فروخت کے نئے ریکارڈز قائم کرے گا۔
واضح رہے کہ ایپل واضح بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو اب تک کوئی فولڈ ایبل ڈیوائس متعارف نہیں کراسکی۔کئی برسوں سے فولڈ ایبل آئی فون یا آئی پیڈ کی تیاری کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں مگر اب تک کمپنی کو مختلف مسائل کے باعث کام روکنا پڑا۔
اس سے قبل دسمبر 2024 میں بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے بک اسٹائل فولڈ ایبل فون سب سے پہلے متعارف کرایا جائے گا۔
اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ فولڈ ایبل آئی فون لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا اور ہزاروں بار کھولنے بند کرنے سے بھی اسے نقصان نہیں پہنچے گا۔اس کے اندر نیا طاقتور پراسیسر ہوگا جبکہ کیمرا سسٹم بھی بہترین ہوگا۔