ڈھاکہ میں کالعدم جماعت حزب التحریر کا مظاہرہ، ملک میں اسلامی نظام کا مطالبہ
بنگلہ دیش کے درالحکومت ڈھاکہ میں کالعدم عسکریت پسند گروپ حزب التحریر کے احتجاج میں شامل سینکڑوں مظاہرین پر پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ساؤنڈ گرینیڈ برسائے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)بنگلہ دیش کے درالحکومت ڈھاکہ میں کالعدم عسکریت پسند گروپ حزب التحریر کے احتجاج میں شامل سینکڑوں مظاہرین پر پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ساؤنڈ گرینیڈ برسائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کی نماز کے بعد پولیس رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے سینکڑوں کارکنان نے ملک میں جمہوریت کے بجائے نظامِ خلافت کے حق میں مظاہرہ کیا۔
تاہم پولیس اتنے بڑے ہجوم کو قابو کرنے میں ناکام رہی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ساؤنڈ گرینیڈ اور آنسو گیس کا استعمال کیا ،ڈھاکہ پولیس نے جمعرات کو کالعدم تنظیم کو عوامی اجتماع اور ریلی منعقد کرنے کے خلاف خبردار کیا تھا۔
بنگلہ دیش نے حزب التحریر کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اکتوبر 2009 میں گروپ پر پابندی عائد کر دی تھی،عوامی اجتماع پر عائد پابندی کے باوجود حزب التحریر متعدد مظاہرے اور ریلیاں منعقد کرتی آئی ہے۔
لندن سے شروع ہونے والی جماعت حزب التحریر کا مقصد تمام مسلمانوں کو ’اسلامی خلافت‘ کے تحت اکھٹا کرنا ہے تاہم گروپ کا کہنا ہے کہ اس کے عزائم پرامن ہیں۔
17 کروڑ کی آبادی والے ملک بنگلہ دیش کا شمار دنیا کے سب سے بڑے اور غریب جمہوری ممالک میں ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی ملک سے بےدخلی اور محمد یونس کی سربراہی میں بننے والی عبوری حکومت کے بعد سے ہی ملک سیاسی غیریقینی کا شکار ہے۔شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے والے طلبہ نے حال ہی میں عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکریمینیشن نامی طلبہ تنظیم کے ممبران عبوری حکومت میں بھی شامل ہیں۔ دو ہفتے قبل گروپ کے ایک اہم رہنما سرجیس عالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’نئی سیاسی جماعت ملک اور اس کے شہریوں کے مفادات کو کسی بھی فرد، جماعت یا گروہ کے مفادات پر ترجیح دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ذات پات یا مذہب سے قطع نظر ہمارے ساتھ پارلیمنٹ میں شامل ہوں گے جو عوام کی امنگوں کی علامت ہے۔عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2025 کے آخر میں یا 2026 کے شروع میں ہوں گے۔