خوشخبری، پنجاب میں ہفتہ اوراتوار کو پبلک ٹرانسپورٹ چلے گی

May 07, 2021 | 10:03:AM

 (24 نیوز) پردیسیوں کیلئے بڑی خبر ہے کہ پنجاب میں ہفتہ اور اتوار کے روز پبلک ٹرانسپورٹ چلے گی، پچاس فیصد سواریاں بٹھانے کی اجازت ہوگی۔ چاند رات کو بازار بند، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے سٹالز نہیں لگ سکیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات کے مطابق عیدالفطر اور چاند رات کے لئے ہدایات اور ایس او پیز تیار کر لی گئی ہیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے اس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جو 8 مئی سے 16 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام مارکیٹس، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی۔ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، پیٹرول پمپس، فوڈ ٹیک اویز کی اجازت ہوگی۔ بجلی، گیس، ای کامرس، انٹرنیٹ، سیلولر کمپنیز، کال سینٹرز، تندور اور میڈیا ہاؤسز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، مٹھائی کی دکانیں، بیکریز، گوشت کی دکانیں، آٹا چکیاں، فروٹ،سبزی کی دکانیں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھل سکیں گی۔چاند رات بازاروں مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام انڈور اور آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ جہاں کورونا وائرس پازٹیو کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے، وہاں تمام انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات، ریسٹورینٹس اور مزارات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

ان اضلاع میں اٹک، بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جھنگ، قصور، خانیوال، خوشاب، لاہور، لیہ، ملتان، مظفر گڑھ، منڈی بہاء الدین، میانوالی، اوکاڑہ، پاک پتن، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یار خان، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال کے علاقے شامل ہیں۔

ٹرین سروس کل گنجائش کے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی۔ بین الصوبائی اور شہروں کی مقامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہوگی۔ تاہم رکشا، ٹیکسی اور پرائیویٹ گاڑیوں کو پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:    کورونا کی شدید لہر۔۔ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی

مزیدخبریں