عید الفطر کب ہوگی؟ ماہر فلکیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پاکستان میں 30 روزے پورے اور عید الفطر 14 مئی جمعہ کو ہونے کا امکان، این سی او سی نے عید الفطر پر 7 چھٹیوں کی سفارش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ جب 12 مئی کی شام سورج غروب ہوگا تو اس وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 31 منٹ ہو گی، غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیانی وقت صرف 36 منٹ کا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ شوال 1442 ہجری کا نیا چاند 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب کو تقریباً 12 بجکر ایک منٹ پر پیدا ہو گا، غروب آفتاب کے وقت چاند افق سے تقریباً 6.5 ڈگری پر ہو گا اور 12 مئی کی شام کو غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ روزے پورے 30 ہوں گے اور عید الفطر 14 مئی کو ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال وزارت داخلہ کی جانب سے عید الفطر پر 6 چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا، کورونا وبا کے باعث نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ چھٹیوں کے دوران تمام بڑے کاروباری مراکز، عوامی مقامات، کمیونٹی مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت عارف علوی نے سیشن کورٹس کو بڑا اختیار دیدیا