این اے 240: ضمنی انتخاب کیلئے 68 کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کورنگی II کے ضمنی انتخاب کیلئے مختلف جماعتوں نے 68 کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔ ریٹرننگ افسر عبدالرزاق کے مطابق نامزدگی فارم حاصل اور جمع کرانے کی تاریخ 7 سے 10 مئی مقرر ہے اور پہلے ہی روز ایم کیو ایم،پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی،مہاجر قومی موومنٹ،جماعت اسلامی،پی ایس پی اور جی ڈی اے نے 68 کاغذات نامزدگی لے لیے ہیں مگر ابھی کسی بھی امیدوار نے نامزدگی فارم جمع نہیں کرایا۔
10 مئی کے بعد 14 مئی تک امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی, 17 مئی تک منظور اور مسترد کاغذات پر اپیلیں کی جاسکتی ہیں، 21 مئی تک ٹریبونل ان اپیلوں پر فیصلے کرے گا, 23 مئی کو نظر ثانی فہرست جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 24 مئی مقرر کی گئی ہے،امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی روز آویزاں کی جائے گی, 25 مئی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے،این اے 240 پر ضمنی انتخاب 16 جون کو ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ 2018 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی نے 61 ہزار 165 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ٹی ایل پی 30 ہزار 535 ووٹ لے کر دوسرے اور پی ٹی آئی کے امیدوار 29 ہزار 941 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس نشست پر ایم ایم اے کو 19 ہزار 323 ووٹ, مہاجر قومی موومنٹ کو 14 ہزار 376 ووٹ, پیپلز پارٹی کو 7 ہزار 586 ووٹ اور پی ایس پی کو 6 ہزار 661 ووٹ ملے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: تیسری بیوی کے الزامات ۔۔عامر لیاقت نے بھی خاموشی توڑ دی