سپر اسٹار بابر اعظم کی زندگی اور کرکٹ کیرئر میں نمبر 5 کا عمل دخل

تحریر: محمد احمد رضا

May 07, 2023 | 00:03:AM

سپر اسٹار بابر اعظم کی زندگی اور کرکٹ کیرئر میں نمبر 5 کا عمل دخل
سپر اسٹار بابر اعظم کی زندگی اور کرکٹ کیرئر میں نمبر 5 کا عمل دخل

سپر ڈپر اسٹار بابر اعظم کے لائف اور کرکٹنگ کیرئر میں نمبر 5 کا بڑا عمل دخل ہے، اسی لکی نمبر والے مئی یعنی پانچویں مہینے میں ون ڈے ڈیبیو کیا، بڑی کامیابیاں سمیٹیں، پانچ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا اور اب آج میچز کا سینکڑا بھی اسی مہینے مکمل کر لیں گے۔

ہر اسپورٹس مین کی طرح اٹھائیس سالہ بابر اعظم کے کیرئر میں بھی نمبرز بڑی دلچسپی کے حامل ہیں۔ مایہ ناز بلے باز کے کیرئر میں مئی اور اکتوبر یعنی پانچواں اور دسواں مہینہ اہم ثابت ہوا۔

پندرہ اکتوبر 1994 کو لاہور میں پیدا ہوئے، 21 سال بعد کرکٹ میں محنت رنگ لائی، زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسی مئی میں ہی سینئر ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کی آفیشل کال آئی۔ 31 مئی کو اسی تاریخ والے نمبر کی شرٹ یعنی 31 سے ون ڈے ڈیبیو کیا۔

 انٹرنیشنل کیرئر کا آغاز شاندار ففٹی سے ہوا یعنی 54 رنز اسکور کیے۔ پھر اگلے 15 میچوں میں اس دبنگ انٹری کو یادگار نہ بنا سکے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے شرٹ کا نمبر پہلے میچ کے اسکور یعنی نمبر کو چنا تھااور پھر 54 نمبری شرٹ زیب تن کرنا چاہی لیکن یہ نمبر کپتان سرفراز احمد کا ہونے کی وجہ سے 56 کو سلیکٹ کیا، 5 کے لکی ہندسے والا یہ نمبر پھر ایسا ’’میچ‘‘ ہوا کہ دنیا عش عش کر رہی ہے۔ تیس ستمبر کے ڈے نائٹ یعنی یکم اکتوبر سے جڑے اس ایک روزہ میچ میں کیرئر کی پہلی سنچری جڑی، اس سیریز میں سنچریز کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

 دو سال بعد یعنی اکتوبر کے مہینے میں سری لنکا کے خلاف 153 اور 101 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور کرکٹنگ دنیا میں گویا طبل جنگ بجا دیا۔ پھر دو سال کے بعد یعنی 2019 مئی میں انگلینڈ اور پھر یکم اکتوبر کی رات سری لنکا کے خلاف 115 اور 115 رنز کی دو اننگز کھیلیں۔

بابر اعظم کی کامیابیوں کا سفر پانچ مئی 2023 تک پہنچا تو نیوزی لینڈ کے خلاف 107 رنز بنائے۔ ون ڈے کیرئر میں پانچ ہزار رنز کا ہندسہ پار کیا۔ یعنی یہاں تک ریکارڈ بُک میں درج ہونے والے بڑے بڑے اعزازات سمیت اٹھارہ سینکڑوں میں سے آٹھ صرف انہیں آئیڈیل مہینوں مئی اور اکتوبر میں بنے اور اب آج ون ڈے میچز کی سنچری بھی اسی مئی کے مہینے میں کر لیں گے۔

 بابر اعظم سے جڑے نمبرز کی دلچسپ اسٹوری یہ بھی ہے کہ ان کے نام کے اعداد ایک ہزار دو سو سولہ یعنی مختصر مجموعہ دس یعنی ایک بنتا ہے۔ اسی طرح سپر ڈپر اسٹار کی فیورٹ بلکہ دنیائے کرکٹ کی سپر ہٹ شارٹ کور ڈرائیو ہے۔ گراؤنڈ کے آن سائیڈ پر اسے گراف کے لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ انگریزی کا حرف ’’وی۔۔۔V‘‘بنتا ہے جسے رومن میں پڑھا جائے تو پھر وہی پانچ ہی ہو گا۔

 اسی طرح ون ڈے اور ٹی 20 رینکنگ میں پانچویں سے بالترتیب پہلے اور تیسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ میں ابھی تک پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

مزیدخبریں