آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی اور افغان وزرائے خارجہ کی ملاقات

May 07, 2023 | 10:16:AM

(احمد منصور) آرمی چیف سید عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے دہشتگردی، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ آرمی چیف کی طرف سے افغان عبوری حکومت کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا افغانستان میں امن سے متعلق پاکستان کےمسلسل کردارکو سراہتے ہیں، علاقائی استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتےہیں، آرمی چیف نے باہمی تعلقات مستحکم کرنے اور مشترکہ امور سے باقاعدہ روابط پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ جنرل عاصم منیر سے چینی وزیرِ خارجہ کن گینگ نے آرمی ہاؤس راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چین اور پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، سی پیک کے منصوبے کیلئے چین کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔

دورانِ ملاقات آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم جزو ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

مزیدخبریں