اکیڈمی جانے کیلئے کرایہ نہیں ہوتا تھا، پیدل جایا کرتا تھا، جگاڑ لگا کر سموسے کھایا کرتا تھا: بابر اعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ شروع شروع میں کرکٹ اکیڈمی جانے کیلئے کرایہ نہیں ہوتا تھا تو پیدل جایا کرتا تھا، واپسی پر کبھی کبھی کرایہ بچا کر اُنہیں پیسوں سے سموسے کھایا کرتا تھا۔
دنیائے کرکٹ پر راج کرنے والے بلے باز اور قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پی سی بی پوڈکاسٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہےکہ آج جو کچھ بھی ہوں اس کے پیچھے بہت سی محنت اور قربانیاں ہیں۔ اپنے کرکٹ کیریئر کے بارے میں بات کرتےہوئے انہوں نے بتایا کہ میں پہلی بار جب پاکستان کرکٹ کی جانب سے میدان میں اترا تو مجھے وہ دن یاد آیا جب پہلی بار میں میدان میں بال پکر کے طور پر آیا تھا، جب پاکستان کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کی کال آئی تو مجھ سمیت ساری فیملی بہت زیادہ خوش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: مشن کلین سویپ: شاہین کیویز کا شکار کرنے کیلئے پر عزم
انہوں نے بتایا کہ میرے کرکٹ کیریئر میں والد صاحب کا بہت اہم کردار ہے اور کئی بار گراؤنڈ میں ہی ابا جی سے ڈانٹ پڑ چکی ہے، میرے والد کبھی بھی میری پرفارمنس سے مطمئن نہیں ہوتے، اگر اچھی پرفارمنس دے بھی دوں تو مجھ سے مزید اچھا پرفارم کرنے کا کہتے ہیں، ان کی یہ ہی بات اب میرے مزاج کا حصہ بن چکی ہے میں بھی اپنی پرفارمنس سے مطمئن نہیں ہوتا اور ہمیشہ سے پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔
کپتان نے مزید بتایا کہ کرکٹ کیریئر میں اتارچڑھاؤ آتے رہے ہیں لیکن اس دوران میرے گھر والوں نے خاص کر میرے والدین نے بہت ساتھ دیا اور کوچ مکی آرتھر نے ہمیشہ بہت زیادہ حوصلہ دیا، کرکٹ کیلئے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا بہت سی قربانیاں دینا پڑیں، بہت سے عزیر فوت ہوئے لیکن میں ان کی آخری رسومات میں شریک نہ ہو پایا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بڑوں کی ہر بات مان لینی چاہیے ان کی ہر بات 99 فی صد درست ہوتی ہے، ان کی کہی ہوئی ایک ایک بات زندگی کے کسی نہ کسی حصے میں انسان کے کام ضرور آتی ہے۔