لندن میں جعل ساز ی سے نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں رجسٹر ، ممکنہ مقصد بھی سامنے آ گیا

May 07, 2023 | 18:11:PM

(24 نیوز ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن)تاحیات قائد نواز شریف کو لندن میں کسی خطرناک معاملے میں پھنسانے کی سازش بے نقاب ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے لندن آفس سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ نواز شریف  کے نام پر نامعلوم افراد نے 3گاڑیاں رجسٹر کرالیں، سٹی آف لندن پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، نواز شریف لندن آفس کا کہنا ہے کہ گاڑیاں نواز شریف کے نام پر رجسٹر کرانے کا مقصد جرائم کرکے ان کا تعلق نواز شریف سے جوڑنا ہوسکتا ہے، نواز شریف کے نام پر رجسٹر گاڑیوں کو دہشت گردی، دھوکہ دہی اور مجرمانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا، نواز شریف لندن آفس نے پولیس کو خدشات سے آگاہ کردیا ہے ۔


معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نواز شریف کے نام رجسٹر گاڑی کی تفصیل ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ ارسال کی، مارچ 2023 میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے متعلق آگاہ کردیا، اپریل 2023 میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کی گئی،نواز شریف کے نام پر تیسری گاڑی کا اس وقت پتہ چلا جب ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کا جرمانہ وصول ہوا۔ 


نواز شریف کے قریبی ساتھی خرم بٹ کا کہنا ہےکہ چند شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کرکے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے، پولیس کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے سپوٹرز اس فراڈ میں ملوث ہوسکتے ہیں۔

مزیدخبریں