عدالت کاعلی امین گنڈاپور کیخلاف دیگر صوبوں میں درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم

May 07, 2024 | 13:06:PM

(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کیخلاف دیگر صوبوں میں درج مقدمات کی تفصیلات 29 مئی تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں علی امین گنڈاپور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس پر سماعت کی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن ، نیب پراسیکیوٹر راجہ ذوالقرنین جبکہ علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں ایف آئی اے ، نیب اور اسلام آباد پولیس کی رپورٹ جمع کروادی گئی، نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف نیب میں کوئی کیس یا انکوائری نہیں۔

ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف ایف آئی اے میں صرف ایک انکوائری ہے۔

عدالت نے وزارت داخلہ سے دیگر صوبوں میں علی امین گنڈاپور کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟اس بارے رپورٹ طلب کرلی۔

یہ بھی پڑھیں:رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے قیام کیلئے قانون سازی کا فیصلہ

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے پاس 18 مقدمات درج تھے جن میں 14 کا فیصلہ ہوچکا ہے، علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد پولیس کے چار مقدمات زیر سماعت ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو 29 مئی تک علی امین گنڈاپور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

مزیدخبریں