نہیں چاہتا کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ پاکستان کا مقابلہ کرے‘ سابق انگلش کپتان خوفزدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق انگلش کپتان نے کہا کہ انگلش ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ اس کی پوزیشن پوائنٹس ٹیبل پر برقرار رہے کیوں کہ وہ انگلینڈ کا پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مقابلہ نہیں چاہتے، نہیں چاہتا کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ پاکستان کا مقابلہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے گروپ 1 کے پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ کے ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،مائیکل وان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میں پاکستان کے مقابلے میں کسی دوسری ٹیم کو کھیلتے دیکھنے کا خواہشمند ہوں اور امید کرتا ہوں کہ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کرنے والی دوسری ٹیم پاکستان کو شکست دیتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دے۔
سابق انگلش کپتان کے مطابق ہم فائنل سے دور ہیں لیکن لگتا ہے کہ ہماری ٹیم کے پاس وہ سب کچھ ہے جو فائنل جیتنے کے لیے چاہیے۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے حساب سے گروپ 1 کی پہلی پوزیشن والی ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی ٹیم سے سیمی فائنل میچ کھیلے گی اور گروپ 2 کی پہلی پوزیشن کی ٹیم گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم سے پنجہ آزمائی کرے گی۔
گروپ 1 میں تو یہ طے ہو چکا ہے کہ انگلینڈ پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے تاہم گروپ 2 کے سپر 12 مرحلے کے 3 میچز ابھی باقی ہیں اگر آج ہونے والے میچ میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف پاکستان نے کامیابی حاصل کی تو گروپ 2 میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہے گی اور اس حساب سے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم یعنی آسٹریلیا سے ہوگا۔
تاہم اگرآج کے ہونے والے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی تو پاکستان کے 8 پوائنٹس رہ جائیں گے اور اگر نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے دی تو اس کے بھی 8 پوائنٹس ہوجائیں گے اور نمبر ون اور ٹو ٹیموں کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہے لہٰذا نیوزی لینڈ ٹاپ پر فنش کرے گا اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے کھیلے گا جبکہ پاکستان کو انگلینڈ سے کھیلنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ہسپتال کے آئی سی یو میں آتشزدگی، 11 مریض جان بحق