(ویب ڈیسک)امریکی صدارتی انتخاب کا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ چکاہے جس کے نتیجے میں ڈونلڈٹرمپ دوسری بارامریکی صدر منتخب ہوچکے ہیں،امریکی انتخابات کو مہنگا ترین الیکشن قراردیاجارہاہے جس میں امیدواروں نے انتخابی مہم پر 16 ارب ڈالر خرچ کرڈالے۔
امریکی میڈیا کے مطابق گذشتہ انتخابی مہم کے دوران 15 ارب ایک کروڑ ڈالر خرچ کئے گئے جس میں کملا ہیرس نے ایک ارب ڈالراورٹرمپ نے 382 ملین ڈالر اکٹھے کئے۔
اضافی 694 ملین ڈالر متعلقہ کمیٹیوں سے وصول کئے گئے،اخراجات کا بڑا حصہ 10 ارب 50 کروڑ ڈالر اشتہارات پر خرچ کیاگیا ۔
امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مد مقابل کملا ہیرس نے شکست کے بعد اپنے خطاب میں انتخابی مہم میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ میں تسلیم کرتی ہوں مجھے شکست ہوئی ہے، لیکن اقتدار کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں پرامن منتقلی کے لیے پر عزم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا اصل حسن یہی ہے کہ اکثریت کی رائے کا احترام کیا جائے، میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکی عوام کو یکجا کرنے کی کوشش کی، ہماری لڑائی بہتر مستقبل کے لیے ہے جو جاری رکھی جائے گی، اور ملک میں گن وائلنس سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کی کوششیں بھی جاری رہیں گی۔