(ویب ڈیسک) مقبول ڈرامہ "کبھی میں کبھی تم"اپنے اختتام کوپہنچ گیاجس کی آخری قسط سینمامیں دکھائی گئی،ڈرامہ کی پوری کاسٹ نے کراچی کے ایک سینماگھرمیں آخری قسط دیکھی،ڈرامہ کے خوشگوار اختتام نے مداحوں کوبھی خوش کردیا ہے۔
"کبھی میں کبھی تم" کی آخری قسط 5 نومبر کو ٹی وی چینل سمیت سینماؤں میں دکھائی گئی جبکہ یوٹیوب پر بھی آخری قسط کو براہ راست دکھایا گیا۔
اس ڈرامے کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوا تھا اور اسے ہفتے میں دو دن پیر اور منگل کو رات 8 بجے نشر کیا جاتا تھا، اس ڈرامے کے ذریعے فہد مصطفیٰ کی ایک دہائی بعد ڈراموں میں واپسی ہوئی اورانہوں نے پہلی بار ہانیہ عامر کے ساتھ سکرین شیئرکی ہے۔
ڈرامے میں ایک ہی خاندان کی کہانیوں کو مختلف زاویوں سے دکھایا گیا،ڈرامے کی مقبولیت میں اس کے کرداروں، کہانی اور مکالموں نے اہم کردار اداکیا،یہ ڈرامہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات سمیت ان تمام ممالک میں مقبول رہاجہاں جہاں اردو زبان سمجھی جاتی ہے۔
ڈرامے کی آخری اقساط میں اس طرح کے مناظر دکھائے گئے تھے، جس سے شائقین کولگ رہاتھا کہ شاید اختتام پر فہد مصطفیٰ کے کردار کو خودکشی کرتے ہوئے دکھایا جائے گا یا پھر ہانیہ عامر کا کردار تنگ آکر ان سے علیحدگی اختیار کرلے گا،سب کی خواہش تھی کہ انہیں اچھے میاں بیوی کے کرداروں میں دکھا کر ڈرامہ ختم کیا جائے اور ڈرامے کی ٹیم نے ایسا ہی کیا۔
فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے ڈرامے میں میاں بیوی کا کردار ادا کیا جن کے درمیان آخری اقساط میں غلط فہمیاں پیدا ہونے کی وجہ سے اختلافات شدت اختیار کرجاتے ہیں لیکن اختتام پر دونوں کو دوبارہ ایک ہوتے دکھایا گیا، جس پر شائقین خوش ہوئے۔
اس ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے علاوہ جاوید شیخ،بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ، اریج چوہدری اور عماد عرفانی سمیت دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہردکھائے ہیں، کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی تھی جبکہ ہدایات بدر محمود نے دی تھیں۔
یہ ڈرامہ بہت سے لوگوں کے لیے سبق آموزبھی رہا، اس میں ایک لاپرواہ لڑکے کو دکھایا گیا کہ کس طرح اس نے اچانک شادی کی ذمہ داری پڑنے پر حالات کو سنبھالا ، اپنی بیوی کا ساتھ دیا اور ایک کامیاب انسان کے طور پر خود کو منوا لیا،اس ڈرامے کی سب سے خاص بات ایک شوہر کی اپنی بیوی اور ایک بیوی کی اپنے شوہر کو سپورٹ کرنا تھی، دونوں نے مل کر اس رشتے کو ایسا نبھایا کہ لوگ اب ان کرداروں کی مثال دے رہے ہیں۔
تاہم پاکستان میں اس ڈرامے کو دیکھنے کی پاداش میں ایک خاتون کو شوہر نے طلاق دیدی،سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک خاتون اپنی روداد سناتی ہوئی نظر آئیں۔
30 سالہ ثمینہ نامی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ڈرامہ " کبھی میں کبھی تم " دیکھ رہی تھی کہ شوہر گھر آگیا اور اس نے آگ بگولہ ہو کر ٹی وی توڑ دیا اور کہا کہ تم ہر وقت ڈرامے دیکھتی رہتی ہو اور کوئی کام نہیں ہے اور پھر اسے طلاق دیدی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اس کی کوئی اولاد نہیں ہے اور اس بنا پر وہ ڈرامے دیکھ پر اپنا وقت گزارا کرتی تھی لیکن شوہر نہ جانے کیوں اس چھوٹی سے بات پر ناخوش تھا،طلاق دینے سے قبل شوہر نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
خاتون نے بتایا کہ اسے ڈرامہ " کبھی میں کبھی تم" بہت پسند تھا، اس کے والدین نہیں ہیں، اولاد بھی نہیں ہے تو ڈرامہ دیکھ کر وقت گزارتی تھی،اب وہ دوسری شادی کرنا چاہتی ہے،اسے ایسا شوہر چاہئے جو اس کو عزت دے چاہے اس کی عمر زیادہ ہی کیوں نہ ہو۔