(24نیوز)آسٹریلوی وزیر خارجہ نے بھارت پر کینیڈا میں سکھوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی دیگر ممالک میں تخریب کاری اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی ایک طویل تاریخ ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے عالمی سطح پر دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے منصوبے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لئے تباہ کن ثابت ہو رہے ہیں۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے حال ہی میں بھارت پر کینیڈا میں سکھوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کینیڈا واحد ملک نہیں جس نے بھارتی اہلکاروں پر غیر ملکی سرزمین پر قتل کی سازش کرنے کا الزام لگایا،سکھ برادری سمیت دیگر لوگوں کو آسٹریلیا میں محفوظ پناہ اور احترام کا حق ہے، ہم کینیڈا کے عدالتی عمل کا احترام کرتے ہیں اور ان واقعات کی صاف و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، آسٹریلیا میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور تمام ممالک کی خودمختاری جیسے معاملات کے سلسلے میں ایک اصولی مؤقف موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو وزیر دفاع کی برطرفی مہنگی پڑ گئی
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر سمیت کئی سکھ رہنماوٴں کے ناموں پر مشتمل فہرست دی گئی تھی ، کینیڈا کی حکومت نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل کا حکم بھارتی انٹیلی جنس نے دیا تھا، بھارت کی جانب سے دنیا کے دیگرممالک میں اپنی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ذریعے کارروائیاں اب پوری دنیا پر عیاں ہو چکی ہیں۔