مصر کا نجومی ، عمران ،بشریٰ اور درباری بھانڈ میراثی 

عامر رضا خان 

Nov 07, 2024 | 14:47:PM
مصر کا نجومی ، عمران ،بشریٰ اور درباری بھانڈ میراثی 
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

میرا دوست میرے ساتھ رکھی کُرسی پر آکر بیٹھ گیا اور کہا چائے پلاؤ، بڑی خبر بتانے جا رہا ہوں، مائیکل قبطی عیسائی ہے جو تین سال کی فوجی ٹریننگ کے لیے لے جایا گیا اس کا دعویٰ ہے کہ تین سال میں سے ایک سال وہ صحرا میں گُم ہوگیا وہ کہاں ہے کہاں رہا کیا کھایا؟ ایک سال بعد جب وہ پہنچا تو اسے بتایا گیا کہ وہ ایک سال بعد آیا ہے، اُس پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اسرائیل کا ایجنٹ ہے، اس پر تشدد کیا گیا، وہ وہاں سے بھاگ کر متحدہ عرب امارات میں نوکری کر رہا ہے، وہ اب ایسی قوتوں کا مالک ہے کہ لوگوں کی آنکھوں میں دیکھ کر سب کچھ بتاسکتا ہے، اس نے اپنے ساتھ رہائش پذیر پاکستانی کو بتایا کہ وہ تصویر دیکھ کر ایسی باتیں بتاتا ہے کہ جو اُس شخص کے بارے میں سب کچھ بتاسکتا ہے ، پاکستانی نے اسے نواز شریف کی  تصویر دیکھائی اُس نے کہا کہ اس بندے نے بڑا عروج دیکھا ہے، اب ماضی کے پچھتاوے کا شکار ہے، پھر انہوں نے بتایا کہ یہ شخص کنگ میکر بن چکا ہے، کسی کو پھانسی دلا بھی سکتا ہے اور پھانسی سے بچا بھی سکتا ہے، یہاں میں نے اپنے دوست کو روکا کہ اس طرح کا دعویٰ تو فرعون نے بھی کیا تھا، حضرت موسیٰ کے سامنے اب تم میاں صاحب کو فرعون کے درجے پر پہنچا رہے ہو مجھے اچھا نہیں لگا ، پھر وہ دوبارہ بولا کہ اُس نے زرداری صاحب کے بارے میں بتایا کہ یہ غلط کاریوں سے باز آچکا ہوا ہے، پھر اس کے بعد اُس نے  عمران خان کی تصویر دیکھی تو مائیکل بگھوڑا فوجی  تین راتیں سویا نہیں، اُس نے بتایا کہ یہ شیطان کا پجاری ایلو منیاٹی ہے اور نومولود بچوں کے خون سے جادو کرتا ہے، یہ لوگ تلاش کر رہا ہے اپنی قربان گاہ پر قربان کرنے کے لیے بندے تلاش کر رہا ہے  پھر اسے پنکی پیرنی کی تصویر دکھائی تو اُس نے بتایا کہ یہ اسوقت دنیا کی سب سے بڑی جادو گرنی ہے اور یہ کسی کا عکس دیکھ کر بھی اسے مار سکتی ہے اور کسی بھی مصیبت میں آپ کو مبتلا کر سکتی ہے اور یہ انسانی خون سے جادو کرتی ہے، کیوں ہے نا خوفناک باتیں دنیا اب بھی نہیں مانتی یوتھئیے اسے پوج رہے ہیں جو خود شیطان کا پجاری ہے ۔
میں نے بڑے تحمل سے اُس کی ساری باتیں سنیں اور کہا بھائی اب میں کچھ بتاؤں کہ تمہیں یہ سب باتیں کہاں سے معلوم ہوئیں ؟ اُس نے کہا اچھا بتلاؤ تو میں نے کہا بھائی یہ باتیں کسی ایسے سرکاری ملازم کے ذہن کی پیدا وار ہے، جو اپنی تنخواہ میں اضافے کا خواہشمند ہے ، دوست حیران ہوا اور بولا کچھ اور بتاو میں نے کہا کہ تم نے یہ سب انٹرنیٹ کی مدد سے غیر مسلم کی بنائی ویب سائٹ یو ٹیوب سے سنا ہوگا اور اس کہانی کو سنانے  والا خود کو صحافی بھی کہتا ہوگا اب تو وہ کرسی سے اچھل پڑا بولا تم نے یوٹیوب سے سب پہلے ہی سُن رکھا ہوگا میں نے کہا بھائی حیران مت ہو اس میں کوئی علم نجوم نہیں کامن سینس استعمال کرو اور سمجھو ۔ 

ضرورپڑھیں:ٹرمپ شہزادہ آگیا ، عمران کو باہر لائے گا، وزیر اعظم بنائے گا 
دربار میں بھانڈ میراثی اور گویوں کو رکھنے کا رواج بادشاہوں نے رکھا، دراصل یہ بادشاہ جبر ، قتل و غارت گری اور دھونس دھاندلی سے تحت پر پہنچتے تھے عوامی مقبولیت ہوتی نہیں تھی نا ہی اُس زمانے میں سرکاری و غیر سرکاری ٹی وی ، سوشل میڈیا، کالم نگار ، تجزیہ کار اور یوٹیوبرز ایجاد  ہوئے تھے اس لیے اُس دور میں درباری میراثیوں ، بھانڈوں ،گویوں، مولویوں  اور شاعروں کی ضرورت ہوتی تھی جو بادشاہ کو خوش کرنے کے لیے ایسی ایسی باتیں سناتے تھے جس کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا تھا ،یہ ہر فرعون کو خدا بناتے اور ہر مغل اعظم کو ظل الہیٰ ثابت کرتے تھے، یہ درباری ملا دو پیازہ ، بیربل اور تان سین ہوتے تھے جو کہانی گر ہوا کرتے تھے۔ فرعون کے درباری بھی ایسے ہی تھے ، وقت بدلا تو انگریز دور میں چھاپا خانہ آیا تو ایسے پمفلٹ ایجاد ہوئے جن میں لکھا ہوتا تھا کہ مدینہ پاک میں ایک  بزرگ کو خواب آیا جس نے بتایا کہ ملکہ وکٹوریہ تو اللہ کی رضا سے آئی ہے تاکہ ہندوستان میں رہنے والے لوگوں کے حالات بدلے جاسکیں، انگریز کے کاسہ لیس درباری گدی نشین ان باتوں کو پھیلاتے اور دونوں ہاتھوں سے جاگیریں وصول کرتے رہے ، اس کے بعد انگریز چلا گیا تو گلی محلوں میں مدینہ والے بابا کے ہاتھ سے لکھے نسخے ہوتے جس میں لکھا ہوتا کہ جمعرات کو دس بندوں کو کھانا کھلاؤ ،فلاں مزار پر دیا جلاؤ اور بساط کے مطابق باکس میں نذرانہ ڈالو تو دلی مراد پوری ہوگی، یہ زمانہ گزرا تو کیسٹ پلیئر اور ویڈیو کا زمانہ آیا جس میں کئی خود ساختہ شیخ السلاموں اور مفتیوں کو خواب آتے رہے جس میں وہ سادہ لوح افراد کو بیوقوف بناتے رہے ، یہ وقت گذرا تو اب درباری بھانڈ ، میراثیوں ، اور گانے ترانے گانے والوں کا دور واپس آیا ہے  یوٹیوب ، فیس بُک، ایکس ۔ انسٹا گرام  جیسی سائٹس کے ذریعے اور جس طرح کی باتیں تم بتا رہے ہو کوئی نیا نیا سرکاری نوکری پر لگا ہے اور جلد ہی ترقی کرکے مزید سرکاری مال اڑانا چاہتا ہے اس لیے اُس نے یہ کہانی گھڑی جس کا کسی جگہ کوئی ثبوت نہیں تم جاؤ انٹرنیٹ سے تلاش کرو کوئی مائیکل نامی فوجی اور اُس کی کہانی شائد نا ملے اور نا ہی امارات مین کوئی ایسا شخض ملے گا جو ، نواز شریف ، عمران خان کو نا جانتا ہو چاہے وہ کسی بھی رنگ نسل ، ملک ، قوم سے ہو عمران خان کی تصویر دیکھ کر جو تین رات سویا نہیں وہ اس جھوٹ کے ساتھ ہی ابدی نیند سو جائے گا اگر مجھے ملا تو،میرا دوست آج تک انٹرنیٹ اور اے آئی کے ذریعے مصری قطبی مسیحی مائیکل کو تلاش کر رہا ہے  جو اسے کبھی نہیں ملے گا ۔

نوٹ :بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ایڈیٹر 

Amir Raza Khan

عامر رضا خان سٹی نیوز نیٹ ورک میں 2008 سے بطور سینئر صحافی اپنی خدمات سرانجام دے رہے۔ 26 سالہ صحافتی کیریر مٰیں کھیل ،سیاست، اور سماجی شعبوں پر تجربہ کار صلاحیتوں سے عوامی راے کو اجاگر کررہے ہیں