(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ منیشا کوئرالہ نےانکشاف کیا ہے کہ جب ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تو انہیں لگا تھا کہ اب وہ مرجائیں گی۔
نیپال سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ منیشا کوئرالہ کا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہواہے جس میں انہوں نے شوبز سمیت اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگوکی ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ نے بتایا کہ جب 2012 میں ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ وہ اوورین کینسر میں مبتلا ہیں تو یہ ان کیلئے ایک بہت بڑا دھچکا تھا اور انہیں ایسا محسوس ہوا تھا کہ اب وہ مرنے والی ہیں،تاہم انہوں نے ہمت نہ ہارتے ہوئے بہادری سے اس مشکل کا سامنا کیا اور کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئیں۔
منیشاکوئرالہ نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے کینسر پر قابو پالیا تو انہیں برطانوی شاہی خاندان کی بہو کیٹ مڈلٹن ،جو خود بھی کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں، نے جذبات سے بھرا ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اداکارہ کی خوب حوصلہ افزائی کی تھی۔
انٹرویو میں 54 سالہ منیشا نے کہا جب وہ کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں تو انہیں زندگی کی قیمت کا اندازہ ہوا،وہ چاہتی تھیں کہ وہ صحت یاب ہوجائیں اور انہیں ایک بار جینے کا موقع ملے تاکہ وہ اپنی زندگی کو بہتر انداز میں گزار سکیں،اس وقت انہیں لگنے لگا تھا کہ اپنی اب تک کی زندگی انہوں نے سب کچھ صرف تباہ کیا تھا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا جب بیماری کی تشخیص ہوئی تو انہیں یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ اوورین کینسر کی آخری اسٹیج پر ہیں اس لئے وہ خوفزدہ ہوگئی تھیں اور موت کا ڈر انہیں مزید اذیت دے رہا تھا۔
1991 میں فلم "سوداگر"کے ذریعے شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی منیشاکوئرالہ کو مادھوری کی ہمشکل قرار دیا گیاتھا،اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مادھوری بہترین اداکارہ ہیں اور ان کی ہمشکل قرار دیئے جانا ان کیلئے اعزاز کی بات تھی۔
منیشا اور مادھوری کا گانا "بڑی مشکل بابا بڑی مشکل" خوب مشہور ہوا تھا اور انہیں اس گانے میں ایک ساتھ بہت پسند کیا گیا تھا۔ منیشا نے سالوں بعد سنجے لیلیٰ بھنسالی کی ویب سیریز "ہیرا منڈی"سے بڑے پردے پر واپسی کی جس میں ان کی اداکاری کوکافی سراہا گیا۔