سن میرے دل : کہانی ایک نیا رخ لینے کو ہے تیار ،کیا کھل کے کر پائے گا بلال اپنی محبت کا اظہار

جس کو جان لیا جاتا ہے پھر اس کی ہر بات کو مان لیا جاتا ہے, ڈرامے کا پیغام

Nov 07, 2024 | 15:38:PM

(مادھولعل حسین) عشق و محبت پر مبنی ڈرامہ سیریل " سن میرے دل"  کی کہانی ایک نیا رخ لینے کو ہے تیار، کیا وہاج علی ایک بار پھر ڈرامہ انڈسٹری میں اپنا لوہا منوانے جارہے ہیں؟  کیا نئی آنے والی اقساط ڈوبتے ڈرامے کو سنبھال پائیں گی؟ وہاج علی کی شاندار اداکاری اور ڈرامے کی بدلتی کہانی کیا شائقین کا دل  موہ لے گی؟

ڈرامہ سیریل " سن میرے دل"  سیونتھ سکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بننے والا ڈرامہ ہے جس کے لیڈ رولز میں وہاج علی ،مایا علی، حرامانی اور اسامہ خان شامل ہیں، اس ڈرامے کو مشہورِزمانہ رائٹر خلیل الرحمان قمر نے قلم بند کیا ہے جبکہ حسیب حسن نے اس کی ہدایتکاری کی ہے، ڈرامہ "تیرے بن" سے شہرت پانے والے اداکار وہاج علی آج کسی بھی تعارف کے محتاج نہیں ہیں،  وہاج علی کا شمار پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مایہ ناز اداکاروں میں ہوتا ہے، ڈرامے میں ان کا کردار ڈرامے کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے، مایا علی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا جانا پہچانا نام ہیں، لاہور میں پیدا ہونے والی 35 سالہ اداکارہ مایا علی نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ  سیریل درِ شہوار سے کیا ، اس کے بعد یکے بعد دیگرے انھوں نے کئی ہٹ ڈراماز اور فلمیں کی ہیں۔

سن میرے دل اپنی آن ائیر ہونے والی آٹھ اقساط میں روایتی کہانی اور بوسیدہ مکالموں کی وجہ سے اپنی اہمیت کھوتے جارہا تھا مگر کل رات نشر ہونے والی قسط نمبر 9 نے ڈرامے کو اٹھا کر ایک بار پھر سے بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، کل رات نشر ہونے والی قسط میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک مرد محبت میں اپنی عادات تک بدل لیتا ہے اور جس عورت سے وہ محبت کرتا ہے اس کی ہر بات مانتا ہے اور اس کی خوشی کے لئے سب کچھ کر گزرتا ہے، نشر ہونے والی قسط میں پیغام دیا گیا ہے کہ جس کو جان لیا جاتا ہے پھر اس کی ہر بات کو بھی مان لیا جاتا ہے، وہ جب جیسا کہے وہی ٹھیک ہوتا ہے، جس سے محبت کرتے ہیں اس پر شک وشبہ کی گنجائش نہیں ہوتی، ڈرامے میں ایک بہن کی بھائی کو لے کر محبت کو دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک بہن بھائی کی زندگی بچانے کے لئے ہر حد سے گزر جاتی ہے۔

مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کہانی اکثر جگہوں پر ایسے موڑ پر آکر رکتی ہے جہاں پر سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ڈرامے میں مکالمے تو بوسیدہ تھے ہی لیکن نشر ہونے والی قسط 9 نے تو حیران ہی کر دیا مطلب یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک لڑکی صرف اسی لیے بھائی کی بیماری کا نہ بتائے کہ اس کی ہمت ٹوٹ جائے گی جب کہ اس کے برعکس اس کی اپنی عزت اس کا کیا؟ جو یہ بات نہ بتانے سے ذلت و رسوائی کا موجب بننے والی ہے، اس بات نے مجھے انتہائی کشمکش میں ڈال کر رکھ دیا ہے کہ اتنی چھوٹی بات بتانے کی بجائے عزت پر انگلی اٹھنے دینا شاید ضروری نہیں تھا، لکھاری کو شاید اس بےتکے جواز کی بجائے کوئی اچھا جواز ڈالنا چاہیے تھا۔

اگلی آنے والی اقساط میں ڈراما کافی دلچسپ ہونے والا ہے اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ بلال اور صدف کے درمیان محبت کی چاشنی پھوٹنے والی ہے اور شائقین ان کی اس محبت میں کھوئی جوڑی کو دیکھنے کے لئے شدید خواہشمند ہونے والے ہیں، اب آنے والی اقساط میں دیکھا جائے گا آیا کہ یہ ڈرامہ 2024 کا بیسٹ ڈراما ہونے والا ہے کہ نہیں۔

مزیدخبریں