کابینہ سے منظوری،چند روز میں حج پالیسی 2025ء کا اعلان کردیا جائیگا

حج پالیسی میں حج پیکیج اقساط کے ساتھ لینے کی سکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے

Nov 07, 2024 | 16:34:PM

(عثمان خان)وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت مذہبی امور متحرک ہوگئی اور آئندہ چند روز میں حج پالیسی 2025ء کا اعلان کردیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے تیاریاں مکمل کرلیں، اور  وزیر مذہبی امور کی وطن واپسی کیساتھ ہی حج پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا۔ ذرائع کاکہناہے کہ وزارت مذہبی امور نے چند شرائط کے ساتھ حج پالیسی مرتب کرکے کابینہ کو بھجوائی تھی جسے منظور کرلیا گیا،اس میں  سرکاری سکیم کے ذریعے حج بیت اللہ کے خواہش مندوں کیلئے اچھی خبرہے۔ 

حج پالیسی میں حج پیکیج اقساط کے ساتھ لینے کی سکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے،ذرائع کے مطابق  حج پیکیج کو زیادہ سے زیادہ تین اقساط کے تحت لیا جاسکے گا،  حج پیکیج کی رقم یکشمت کی بجائے ابتدائی تقریباً 2 لاکھ فیس کیساتھ درخواست جمع کرائی جاسکے گی،تاہم حج قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد 50 فیصد رقم کی ادائیگی لازمی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دیگر رقم حج فلائٹ سے کم از کم اڑھائی ماہ پہلے متعلقہ بینک میں جمع کرانا لازمی ہوگا، 12 سال سے کم عمر اور مختلف بیماریوں کے شکار افراد بھی حج پر نہیں جاسکیں گے، دوران حج انتقال کی صورت میں زر تلافی کی رقم میں بھی 100 فیصد اضافہ کردیا گیاہے، دوران حج انتقال کی صورت میں زر تلافی کی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کردی گئی ہے، پرائیویٹ حج آرگنائزرز کو ہر حاجی کی انشورنس لازمی کرانے کا بھی پابند کردیا گیاہے۔

خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے، شادی شدہ خواتین شوہر البتہ غیر شادی شدہ خواتین کو والدین سے اجازت نامہ لینا لازم ہوگا۔

مزیدخبریں