(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے بعد شاہ رخ خان کوبھی قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے فوری طور پرتفتیش شروع کر دی جس سے معلوم ہوا کہ یہ دھمکی آمیز کال ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور سے آئی تھی،ممبئی پولیس نے باندرا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور کال ٹریس کر کے ملزم کا پتہ لگا لیا ہے جس کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔
رائے پور پولیس ملزم فیضان کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار کارروائیاں کر رہی ہے،ملزم کی جانب سے اداکار سے 50 لاکھ تاوان کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
یہ دھمکی اس وقت سامنے آئی جب سلمان خان کو مسلسل جان سے مارنے اور تاوان ادا کرنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس کے بعد اب شاہ رخ خان کو بھی قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔
دوسری جانب رائے پورکے ایس ایس پی سنتوش کمار سنگھ کے مطابق ممبئی پولیس نے ابھی تک رائے پور پولیس کو کسی کال کی باضابطہ اطلاع نہیں دی ہے،تاہم باندرا پولیس نے اس سلسلے میں بھارتی قانون کی کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس کا ملزم فیضان کو گرفتار کر کے ممبئی لے جا کر پوچھ گچھ کرنے کا ارادہ ہے۔