انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کو دورہ پاکستان منسوخ کرنا مہنگا پڑگیا۔مستعفی ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کو دورہ پاکستان منسوخ کرنا مہنگاپڑگیا۔شدیدتنقید کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کے چیئر مین این واٹمور نےعہدے سے استعفی دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کو دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر اپنی مدت ملازمت مکمل کئے بغیر ہی عہد ہ چھوڑنا پڑگیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر این واٹمور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔دنیا بھر کے سابق کرکٹرز اور کمنٹیٹرز نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر انہیں شدیدتنقید کا نشانہ بنایا تھا۔واٹمور کے عہدے کی مدت پانچ سال تھی مگر وہ صرف دس ماہ عہدے پر رہنے کے بعد استعفی دینے پر مجبور ہوگئے ۔واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم نے 13اور 14اکتوبر کو 2ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا تھے مگر انہوں نے اچانک اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا۔ موجودہ ڈپٹی چیئرمین بیری اوبرائن عبوری سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
برطانوی اخبار کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے بورڈ پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم اور سینئر وزراء کا ماننا تھا کہ فیصلے کے باعث انگلینڈ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے ہیں ۔
جبکہ برطانوی کھلاڑیوں نے اپنا موقف دیا تھا کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں ان کا کوئی کردار نہیں، بورڈ نے اس فیصلے سے متعلق انہیں اندھیرے میں رکھا۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کئے جانے کے بعد سابق کھلاڑیوں نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے کرکٹ بورڈ کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ای سی بی کو اپنی بزدلانہ خاموشی توڑنی ہوگی۔جبکہ انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ نے پاکستان کو دھوکا دیا ہے۔انہوں نے کہا لگتا ہے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی یاد داشت بھی بہت کمزور ہے ۔
واضح رہے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منسوخی پر معافی مانگ لی تھی ۔ چیئرمین این وٹمور کا کہنا تھا کہ فیصلے سے پاکستان سمیت کرکٹ فینز سے معذرت خواہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے اساتذہ پرسخت پابندیاں لگا دیں