(24 نیوز)وزارت داخلہ نے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔خط میں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات 90 روز کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے خط میں کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے تھے ،سیلاب اور اس کے بعد بیماریوں بالخصوص ڈینگی نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے،پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے،وفاق اور صوبوں کی زیادہ تر توانائیاں اور وسائل بحالی کے کاموں میں لگے ہیں ۔
خط میں مزید کہاگیاہے کہ مستند اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے ،محاصرے کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں ،اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے بھاری نفری درکار ہوگی ،ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اور ایف سی پر شدید دباﺅ ہوگا۔
وزارت داخلہ کاکہناہے کہ اداروں سے اضافی کام لیا گیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں ،الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے،درخواست کی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات 90 روز کیلئے ملتوی کئے جائیں ۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی، یورپ، برطانیہ اور امریکہ جانیوالے مسافروں کیلئے اچھی خبر