(ویب ڈیسک) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف 8 اکتوبر کو گورنرہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 اکتوبر کو گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے،دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کریں گے،انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کچے کے علاقے میں آپریشن کی بات کی گئی ہے، ہر اجلاس کے بعد یہی بات ہوتی ہے کہ اسٹریٹ کرمنل کے خلاف کارروائی ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان 7 سال قبل بنا جس میں فوری طور پر دہشتگردوں اور اسٹریٹ کریمنلز کو پکڑنا تھا، شہر میں اس سے قبل قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کرائی گئی اس میں جماعت اسلامی نے اپنا تعاون بھی کیا،ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں چند وجوہات پر کام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے خوشخبری سنا دی
امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ترقی کا پہیہ رکا ہوا ہے، گزشتہ ایک دہائی سے کے فور منصوبے سمیت دیگر منصوبے رکے ہوئے ہیں، جامعات کو سندھ حکومت گرانٹ نہیں دے رہی، سارا مالی بوجھ طلباء پر ڈالا جاتا ہے، مافیاز میں سیاستدان، جاگیردار سب شامل ہیں۔ مافیاز کو خام مال وہاں ملتا ہے جہاں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولت نہیں ہوتیں، اسلحہ کرائے پر مل جاتا ہے لیکن بنیادی سہولت نہیں ملتی۔