کراچی دھماکہ، ملزموں کو پکڑنے میں کسر نہیں چھوڑیں گے: دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حملے میں چینی شہریوں کے ہلاک، زخمی ہونے پر متاثرہ خاندانوں، بشمول چینی باشندوں اور پاکستانیوں کے لیے گہری تعزیت و اظہار ہمدردی کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، یہ افسوس ناک عمل ناصرف پاکستان بلکہ پاک چین دیرینہ دوستی پر بھی حملہ ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بزدلانہ حملے میں شامل افراد، بشمول مجید بریگیڈ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم پر قائم ہیں، یہ ظالمانہ عمل بغیر سزا نہیں رہے گا، پاکستان کے سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کسر نہیں چھوڑیں گے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ خارجہ امور کی وزارت چینی سفارت خانے سے قریبی رابطے میں ہے، پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان اور چین باہمی احترام و بھائی چارے کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں،ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے پختہ عزم کی توثیق کرتا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف چینی بھائیوں سے مل کر کام کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب گزشتہ شب زور دار دھماکے میں غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے اور 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔