فلسطینیوں کی حمایت میں مسلم ممالک کو آگے آنا ہو گا: حافظ نعیم الرحمان

7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل شکست کھا چکا ہے، اب اسرائیل صرف نہتے بچوں کو ماررہا :امیر جماعت اسلامی

Oct 07, 2024 | 15:15:PM
 فلسطینیوں کی حمایت میں مسلم ممالک کو آگے آنا ہو گا: حافظ نعیم الرحمان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کیخلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں مسلم ممالک کو آگے آنا ہو گا۔
اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایک سال میں 50 ہزار لوگوں کو شہید کیا ہے، 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل شکست کھا چکا ہے، اب اسرائیل صرف نہتے بچوں کو ماررہا ہے،گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھ رہا ہے، اسرائیل اپنے لوگوں کو مطمئن کرنے کیلئے کارروائیاں بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی دہشتگردی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، القسام بریگیڈ کے مجاہدین طویل عرصے سے جدوجہد کررہے ہیں، پوری دنیا کے صیہونیوں کو اکٹھا کرکے اسرائیل کوناجائز طریقے سے مسلط کیا گیا، امریکہ،برطانیہ اور روس نے اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکہ مسلسل اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے، امریکہ ،اسرائیل اور بھارت کا شیطانی قسم کا اتحاد بنا ہوا ہے، مسلم حکمران وہ کردار ادا نہیں کر رہے جو انہیں کرنا چاہیے، ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، ہم فلسطین کا مقدمہ لڑیں گے،وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کو واضح پیغام ملنا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پورے ملک میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے، جماعت اسلامی نے حکومت سمیت مختلف جماعتوں سے رابطہ کیا، اختلافات کے باوجود ہم وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے، جماعت اسلامی اس کانفرنس میں اپنی تجاویز دے گی، فلسطین کا مقدمہ پاکستان، سعودی عرب، ایران اور لبنان سمیت تمام امت مسلمہ کا مقدمہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مقدمہ کسی پارٹی یا کسی ملک کا نہیں ہے، اسلامی ممالک اور ہم خیال ممالک کی ایک سمٹ بلائی جائے، وقت آگیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کا حق ملنا چاہیے، پاکستانی فلسطینیوں کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں، حکومت پر اس سلسلے میں دباؤ قائم رکھا جائے، عرب ممالک سامنے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔