(24 نیوز) ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں جام شہادت نوش کرنیوالے شہداء کو سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس فوجی افسران، فوجی جوانوں نےشرکت کی، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد بھی نمازہ جنازہ میں شریک ہوئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت، لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کی عمر 43 سال تھی اور وہ ضلع فیصل آباد کے رہائشی تھے، 31 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر، 30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔
اسی طرح 29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید ضلع ٹانک اور 31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق اورکزئی اور 26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ شہداء کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم وحوصلے کو تقویت بخشتی ہیں۔